سعودی سفیر سے فواد چوہدری کی ملاقات
جمعرات 20 اگست 2020 14:05
سعودی سفیر نے فواد چوہدری کی وزارت کی کاوشوں کو سراہا (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کی ہے جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جمعرات کو ہونے والی ملاقات میں فواد چوہدری نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کے حوالے سے واضح کیا کہ پاک سعودی تعلقات ناقابل تسخیر ہیں اور عالمی منظر نامے کی تبدیلی پر منحصر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات صرف حکومتی سطح تک محدود نہیں بلکہ یہ تعلقات سعودی اور پاکستانی قوم کے درمیان قائم ہیں۔
'سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان اور وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب پاک سعودی تعلقات کی مضبوطی کا عکاس ہے۔'
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حرمین شریفین کا تقدس ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے اور خادمین حرمین شریفین کا احترام ہر مسلمان پر لازم ہے۔
ملاقات میں فواد چوہدری نے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں جاری منصوبوں کے بارے میں سعودی سفیر کو آگاہ کیا اور سعودی کمپنیز کی پاکستان کے زراعت کے شعبے میں تعاون و سرمایہ کاری پر زور دیا۔
سعودی سفیر نے فواد چوہدری کی وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں اصلاحات لانے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کے ہر شعبے میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔