Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اٹلی اور جرمنی میں کورونا کی نئی لہر

برازیل میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 13 ہزار سے زائد ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
عالمی وبا کورونا وائرس کی نئی لہر نے یورپ کے کئی ملکوں کو متاثر کیا ہے اور اٹلی میں ایک دن میں ایک ہزار سے زائد نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں جبکہ عالمی ادارہ صحت نے ایک پیغام میں کہا ہے کہ  12 سال سے کم عمر کے بچے ماسک پہنیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اٹلی میں مئی میں لاک ڈاؤن ختم کیے جانے کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار سے زیادہ مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔
روم میں محکمہ صحت کے ایک اہلکار الیسیو ڈی اماتو نے بتایا کہ دارالحکومت میں 215 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 61 فیصد مثبت کورونا کیسز تعطیلات سے واپس آنے والے افراد کے ہیں۔

 

دوسری جانب جرمنی میں اپریل کے بعد پہلی مرتبہ یومیہ دو ہزار نئے کورونا کیسز آ رہے ہیں۔ حکام کے مطابق نئے مثبت کیسز کی وجہ سیاحوں کا بڑی تعداد میں آنا ہو سکتا ہے تاہم بعض ماہرین کا خیال ہے کہ ایسا کورونا ٹیسٹ کی تعداد بڑھائے کی وجہ سے بھی ممکن ہے۔
اے ایف پی کے مطابق دنیا میں کورونا سے اموات کی تعداد آٹھ لاکھ سے بڑھ چکی ہے اور عالمی وبا نے اب تک 196 ملکوں کو متاثر کیا ہے۔
وائرس سے صرف امریکہ میں ایک لاکھ 75 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ برازیل میں ایک لاکھ 13 ہزار 358 اور میکسیکو میں 59 ہزار سے زیادہ شہری وبا کے باعث لقمہ اجل بنے۔
عالمی وبا گزشتہ برس دسمبر میں چین کے شہر ووہان سے پھوٹی تھی جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا۔

شیئر: