پولیس نے جیکب بلیک پر ان کے تین بچوں کے سامنے فائرنگ کی تھی۔
’بلیک لائیوز میٹرز‘ کے تحت نیویارک اور منی ایپلس سمیت کئی امریکی شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔
کینوشا پولیس افسران کا کہنا تھا کہ مقامی افسران اور ان کی مدد کرنے والی ایجنسیوں کے ہمراہ پولیس نے ان رپورٹس پر کارروائی کی کہ مظاہرے کی جگہ پر نہ صرف فائرنگ ہوئی ہے بلکہ لوگوں کو بھی گولیاں لگی ہیں۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں اور ایک تیسرے شخص کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
آن لائن پوسٹ کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گولیوں کی آواز سنتے ہی لوگ کینوشا کی گلیوں میں بھاگ رہے ہیں جبکہ ایک دوسری ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کچھ زخمی افراد زمین پر پڑے ہوئے ہیں۔
پولیس نے مزید کہا ہے کہ واقعے سے متعلق وائرل ویڈیوز کے بارے میں تفتیش کار آگاہ ہیں۔
تین ماہ قبل امریکی شہر ریاست منیسوٹا میں ایک سیاہ فام شخص جارج فلوئیڈ بھی پولیس تشدد کا نشانہ بنے تھے جس کے بعد امریکہ میں حالیہ تاریخ کے بدترین مظاہرے شروع ہو گئے تھے۔