مکہ کے النکاسہ محلے کی تعمیر نو، 600 عمارتیں منہدم
مکہ کے النکاسہ محلے کی تعمیر نو، 600 عمارتیں منہدم
بدھ 26 اگست 2020 18:53
تعمیر نو کا منصوبہ چھٹے مرحلے تک پہنچ چکا ہے۔(فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین انجینیئر جلال کعکی نے کہا ہے کہ النکاسہ محلے کی تعمیر نو کی جارہی ہے۔
اس حوالے سے 600 عمارتیں منہدم کی گئی ہیں۔ النکاسہ محلے کی تعمیر نو کا منصوبہ چھٹے مرحلے تک پہنچ چکا ہے۔ مکمل منصوبہ بارہ مرحلوں میں نافذ ہوگا۔
العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئےانجینیئر جلال کعکی نے کہا کہ ان دنوں دو محلوں النکاسہ اور الکدوہ کی جدید کاری کا پروگرام نافذ کیا جارہا ہے۔
دونوں محلوں کے لیے جامع سکیمیں تیار ہیں۔ یہاں ٹرانسپورٹ، پبلک خدمات، بجلی، پانی، سکول، ہسپتال، ہیلتھ سینٹر، پارک، سپورٹس کلبز، بازار، مساجد سب کچھ جدید انداز میں تعمیر کیا جائے گا۔ عمارتیں متوازن شکل کی ہوں گی۔ محکمہ شہری دفاع اور ہلال احمر کے سینٹر بھی کھولے جائیں گے۔ سڑکیں کشادہ اور سبزہ زار ہوں گے۔
مکہ مکرمہ ہسٹوریکل سینٹر کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر فواز الدھاس نے بتایا کہ قوز النکاسہ جنوبی مکہ مکرمہ میں واقع ہے۔ قدیم زمانے میں مسافروں کے قافلے اسی علاقے سے داخل ہوا کرتے تھے۔ اہل مکہ ریت کے ٹیلوں کو ’قوز‘ کہتے ہیں۔ اسی مناسبت سے اس کا نام قوز النکاسہ پڑ گیا۔ رفتہ رفتہ اس علاقے کی آبادی گھنی ہوگئی۔
الدھاس نے بتایا کہ باہر سے آنے والے تاجر مکہ مکرمہ میں تین مقامات سے داخل ہوا کرتے تھے۔ جب بھی وہ شہر میں داخل ہوتے ان سے داخلہ فیس لی جایا کرتی تھی جسے المکس کہاجاتا تھا۔
یاد رہے کہ النکاسہ مکہ کے غیرمنظم محلوں میں سے ہے۔ یہ پہاڑی علاقے میں بنا ہوا ہے۔ اس کی اندرونی سڑکیں ایک میٹر سے تین میٹر تک چوڑی ہیں۔
اس کی سڑکوں کا صرف 20 فیصد حصہ ہی زیر استعمال رہتا ہے۔ یہاں عمارتیں سرخ اینٹوں سے بنی ہوئی ہیں۔ کنکریٹ بھی استعمال کیا گیا ہے-تعمیر کا کام غیر معیاری ہے۔ یہاں موجود عمارتوں کی تصاویر دیکھنے سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یہ غیرمعیاری انداز میں بنائی گئی ہیں۔
عمارتیں ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔ کوئی ایک منزلہ ہے تو دوسری سات منزلہ ہے۔ روشنی اور صاف ہوا کا انتظٓام بے حد خراب ہے۔ اسی تناظر میں پورے محلے کو منہدم کرکے ازسر نو تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔