Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ: السلامہ محلے کی تعمیر نو، 215 عمارتیں منہدم

منصوبہ بندی کے تحت علاقے کو تعمیر کیاجائے گا(فوٹو، سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں جدہ میونسپلٹی نے شہر میں پرانے طرز کے السلامہ محلے میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے  215 عمارتوں کو منہدم کرایا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق میونسپلٹی کے ترجمان محمد البقمی نے بتایا کہ غیر منظم طریقے سے بنی یہ عمارتیں حرا سٹریٹ سے متصل تھیں۔ اب یہاں  جدید سہولتوں سے آراستہ محلہ بسایا جائے گا۔
جدہ الجدیدۃ بلدیہ کے چیئرمین انجینیر باسم الجدعانی نے بتایا کہ بلدیہ اس سے قبل وزارت صحت، وزارت افرادی قوت، وزارت تجارت اور جدہ پولیس کی نمائندہ ٹیم کی مدد سے محلے میں متعدد خلاف ورزیاں نوٹ کی تھیں۔

شہریوں نے غیرمنظم انداز میں تعمیرات کی تھیں(فوٹو، ٹویٹر)

مذکورہ علاقے میں شہریوں نے بلا اجازت جگہ جگہ غیر منظم طریقے سے عمارتیں قائم کی ہیں۔ جن کی تعمیر میں حفاظتی ضوابط کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا تھا اور وہ کسی بھی وقت منہدم ہوسکتی ہیں۔
الجدعانی نے توجہ دلائی کہ جو عمارتیں منہدم کی گئی ہیں یا کی جائیں گی وہ سب محلے کے دیگر مکینوں کی سلامتی کے لیے بھی خطرہ تھیں اور ہیں۔
یاد رہے کہ جدہ الجدیدۃ بلدیہ نے  اس سے قبل جدہ کمشنری، وزارت صحت، وزارت افرادی قوت، وزارت تجارت اور جدہ پولیس کے تعاون سے السلامہ عوامی محلے میں کورونا وائرس کے انسداد کی مہم چلائی تھی تاکہ مقامی باشندوں اور مقیم غیر ملکیوں کو نئے کورونا وائرس کے خطرات سے بچایا جاسکے۔

شیئر: