برطانیہ میں سنیچر کو کورونا وائرس کے ایک ہزار 108 نئے کیسز سامنے آئے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کے بعد کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک برازیل میں وبا سے ہونے والی ہلاکتیں ایک لاکھ 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 212 ملین آبادی والے ملک میں اب تک 38 لاکھ 46 ہزار 153 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ اس مرض سے اموات کی تعداد ایک لاکھ 20 ہزار 262 ہوگئی ہے۔
کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا میں ہلاکتیں ایک لاکھ 82 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
’فیو کروز‘ نامی ایک پبلک ہیلتھ انسٹیٹیوٹ سے وابستہ ریسرچر کرسٹووام بارسلوز کا کہنا ہے کہ یورپ اور ایشیا کے برخلاف جہاں وائرس کا شدید حملہ ہوا اور پھر وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آگئی، برازیل میں کورونا وائرس آہستہ لیکن تسلسل سے پھیل رہا ہے۔
انہوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ برازیل کا معاملہ پوری دنیا سے منفرد ہے۔ وبا کے پھیلاؤ کے شروع سے برازیل میں کیسز کا پیٹرن دوسرے ممالک سے مختلف اور بہت آہستہ رہا ہے۔
’اگرچہ برازیل میں کیسز میں اضافے کی شرح میں استحکام آیا ہے لیکن یہ بہت زیادہ خطرناک لیول پر ہے۔‘
دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 کروڑ 49 لاکھ 14 ہزار 886 ہو چکی ہے جبکہ وبا سے اب تک 8 لاکھ 41 ہزار 507 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
امریکہ وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں اب تک ایک لاکھ 82 ہزار 752 اموات ہوئی ہیں جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد 59 لاکھ 60 ہزار 809 ہے۔
برطانیہ اور انڈیا میں بھی کورونا کے خطرناک حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 کروڑ 49 لاکھ 14 ہزار 886ہو چکی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
دنیا بھر میں مجموعی طور پر کورونا وائرس کے کیسز میں کمی تو ہوئی ہے لیکن کچھ ممالک میں اس کے حملوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے
امریکہ سمیت برطانیہ اور ایشیا کے کئی ممالک میں اب بھی کورونا کے نئے کیسز سامنے آرہے ہیں اور مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق برطانوی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ سنیچر کو ایک ہزار 108 نئے کیسز سامنے آئے۔
نئے کیسز سامنے آنے کے بعد برطانیہ میں کورونا متاثرین کی کل تعداد 3 لاکھ 32 ہزار 752 ہوگئی ہے۔
اس کے علاوہ برطانیہ میں 28 دنوں کے دوران مزید 12 افراد کورونا سے ہلاک ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب انڈیا بدستور کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد کے لحاظ سے دنیا بھر میں تیسرے نمبر پر موجود ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
انڈیا میں سنیچر کو 76 ہزار 472 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جو گذشتہ دنوں کیسز کے ریکارڈ توڑ اعداو شمار سے تو کم ہیں لیکن اس کے باوجود تشویش ناک ہیں۔
انڈیا میں کورونا سے اموات کی کل تعداد 62 ہزار 550 تک پہنچ گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں نئے مریض سامنے آنے کے بعد ملک میں کورونا کیسز کی کل تعداد 35 لاکھ 19 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جب کہ مزید ایک ہزار 21 مریض بھی لقمہ اجل بن گئے جس کے بعد اموات کی کل تعداد 62 ہزار 550 تک پہنچ گئی ہے۔
انڈیا کے مقامی میڈیا کے مطابق کیسز کی بڑھتی تعداد کے باوجود انڈین حکومت نے سفری پابندیاں جزوی طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔