جمعرات کو کنگ عبداللہ اکنامک سٹی سی پورٹ سے سیاحتی ٹور کا آغاز ہوا تھا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں پہلا لگژری کروز سلور سپرٹ کورونا وائرس کے ایک مشتبہ کیس کا پتا چلنے کے بعد اپنا سفر مکمل کرنے سے قبل سنیچر کو کنگ عبداللہ اکنامک سٹی پورٹ پر واپس آگیا ہے۔
پروگرام کے مطابق لگژری کروز کو ینبع اور نیوم میں راس ابیض سے گزرتے ہوئے اتوار کی صبح واپس آنا تھا تاہم تمام مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جہاز پہلے پی واپس آگیا۔
سلور سپرٹ نے پروگرام کے مطابق جمعرات کو کنگ عبداللہ اکنامک سٹی سی پورٹ سے سیاحتی ٹور کا آغاز کیا تھا۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں سمندری سیاحت کے لیے سلور سپرٹ کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔ پہلی بار ’تنفس‘ (کھلی فضاؤں میں سانس لو) سلوگن کے تحت لگژری کروز کے ذریعے سمندری تفریحی سیر کا پروگرام بنایا گیا تھا۔
سعودی عرب کے اس پہلے تفریحی بحری جہاز میں سیاحت کے شوقین افراد سوار ہیں اور انھیں بحیرہ احمر کے کنارے واقع مختلف سیاحتی مقامات کی سیر کرائی جارہی تھی۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سلور سپرٹ کروز شپ کی انتظامیہ کی جانب سے بھیجے گئے ایک خط میں ایک خاتون کے کورونا میں مبتلا ہونے کی اطلاع دی گئی اور بتایا گیا کہ مشتبہ مریضہ کو جہاز کے مخصوص حصے میں الگ تھلگ کردیا گیا ہے۔
جہاز کے تمام مسافروں کو الگ تھلگ کرنے سے متعلق رپورٹس درست نہیں ہیں جبکہ کورونا کے مشتبہ کیس کی ابھی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔