انسان تو پتنگ اڑاتے رہتے ہیں لیکن تائیوان میں پتنگ ایک چھوٹی بچی کو اڑا لے گئی۔ موقع پر موجود لوگوں نے اس کی ویڈیو بھی بنائی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
آسٹریلوی ویب سائٹ نیوز ڈاٹ کام ڈاٹ اے یو کے مطابق تائیوان میں دارالحکومت سے 80 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع شہر سنچو میں انٹرنیشل کائٹ فیسٹیول 2020 کے دوران لوگ پتنگیں اڑانے سے لطف اٹھا رہے تھے جن میں وہ تین سالہ بچی بھی شامل تھی جو ایک بڑی پتنگ کو اڑانے کی کوشش کر رہی تھی۔
اسی دوران ہوا کا ایک ایسا جھونکا آیا کہ بڑی پتنگ تیزی سے اوپرکی طرف چلی گئی اور اس کی دُم کے ساتھ الجھی وہ بچی بھی ہوا میں اٹھتی چلی گئی۔
بچی کی چیخ پر لوگ اس کی طرف متوجہ ہوئے تاہم ہوا کا جھونکا ابھی باقی تھا اور وہ کئی فٹ تک فضا میں بلند ہوتی رہی اور نیچے آتی رہی۔
اس دوران بچی چیختی رہی اور کچھ لوگ اس کی مدد کے لیے بھی بھاگے لیکن وہ زمین سے کئی فٹ اوپر لہرا رہی تھی اس دوران کچھ لوگوں نے اس منظر کو کیمروں میں بند کر لیا۔
چند سیکنڈ کی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہوا میں اِدھر اُدھر اُڑنے کے بعد ہوا کا زور کم ہوا تو وہ زمین کی طرف آئی لوگوں نے آگے بڑھ کر اسے تھامنے کی کوشش کی تاہم وہ پھر بھی گر گئی اور کچھ معمولی چوٹیں آئیں۔
اس واقعے کے بعد فیسٹیول کی تقریبات روک کر دی گئیں۔
واقعے کے بعد سٹی گورنمنٹ ٹیم نے معذرت کی ہے اور کہا ہے کہ ’واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔‘
تائیوان کا شمالی شہر سنچو اپنی تیز ہواؤں کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔
تاہم فیسٹول کے منتظم کا کہنا ہے کہ انہیں قطعی ایسی کوئی توقع نہیں تھی کہ ہوا انسان کو اڑا لے جائے گی۔
سنچو فیسٹیول کی چوتھی سالگرہ منائی جا رہی تھی اور دنیا بھر سے درجنوں کی تعداد میں پروفیشنل پتنگ بازوں نے اس میں شرکت کی۔