Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ نجی اداروں میں 75 فیصد اہم عہدوں پر سعودی ہوں گے‘

سعودی عرب میں بیشتر کلیدی عہدوں پر غیرملکی فائز ہیں- فوٹو اخبار 24
سعودی مجلس شوری نجی اداروں کو 75 فیصد کلیدی اسامیوں پر سعودیوں کے تقرر کا پابند بنانے والی ہے۔
اس حوالے  سے ایک قرارداد کے مسودے پر بحث جلد ہوگی- قانون محنت کی دفعہ 26 کی دوسری شق میں ترمیم کرکے اس امر کو یقینی  بنایا جائے گا- 
الریاض اخبار کے مطابق مجلس شوری کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کلیدی عہدوں پر سعودیوں کی تقرری وقت کا اہم مطالبہ ہے۔  بی اے، ایم اے اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں رکھنے والے سعودی بڑی تعداد میں تیار ہوگئے ہیں۔ سعودی شہری، غیرملکی جامعات سے اعلی تعلیم حاصل کرکے مملکت واپس آرہے ہیں۔ یہ  مختلف علوم و فنون میں اعلی ڈگریاں لے کر وطن پہنچ رہے ہیں جبکہ سعودی جامعات سے بھی مختلف شعبوں کے ماہر تیار ہوچکے ہیں۔ 
مجلس شوری کے ماتحت سماجی امور کی کمیٹی نے رپورٹ دی ہے کہ 75 فیصد کلیدی عہدوں پر سعودیوں کے تقرر سے نجی اداروں اور کمپنیوں کے  مالکان اور ان کی مجالس انتظامیہ کو متعدد اہم تبدیلیاں لانے میں مدد ملے گی۔ کلیدی عہدوں پر فائز سعودی ہم وطنوں کو نجی کمپنیوں و اداروں میں تعینات کرنے کی سکیمیں تیار کریں گے۔ ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائیں گے اور انہیں مقررہ وقت کے اندر پیشہ ورانہ استعداد دلانے کا اہتمام کریں گے۔
کلیدی عہدوں پر فائز غیرملکیوں کی خدمات سے مملکت کو بے نیاز کرنے کی راہ ہموار کریں گے۔اس وقت سعودی عرب میں بیشتر کلیدی عہدوں پر غیرملکی فائز ہیں۔ 

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: