Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’چین زمین کا ایک انچ بھی نہیں چھوڑ سکتا‘

لداخ میں انڈیا اور چین کی فوج کے درمیان کئی ماہ سے کشیدگی جاری ہے (فوٹو: روئٹرز)
چینی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ماسکو میں چینی وزیر دفاع وی فینگی نے اپنے انڈین ہم منصب راج ناتھ سے ملاقات کی ہے جس میں یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہمالین سرحد پر تناؤ کو کم کیا جائے جبکہ انہوں نے حالیہ مہینوں میں اںڈیا کو تنازعے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
چینی اخبار ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ نے سرکاری نیوز ایجنسی شنہوا کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ وی فینگی نے یہ بات جمعے کو ماسکو میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر انڈین وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے ساتھ دو گھنٹے سے زیادہ دیر تک جاری رہنے والی ملاقات میں کہی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چینی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ’سرحد پر موجودہ کشیدگی کی وجہ اور حقیقت بہت واضح ہے، جس کی ذمہ داری پوری طرح سے انڈیا پر عائد ہوتی ہے۔‘
لداخ کے سرحدی علاقے میں گذشتہ چند ماہ میں دونوں ممالک کی فوجوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے بعد چینی اور انڈین سیاسی رہنماؤں کے درمیان پہلی مرتبہ تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
دوسری جانب برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سنیچر کو انڈین وزارت دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ چینی اور انڈین وزرا کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سرحد پر کشیدگی کم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق ’دونوں ملکوں نے اتفاق کیا ہے کہ کوئی بھی سرحد پر ایسی کارروائی نہیں کرے گا جس سے صورت حال مزید پیچیدہ ہو یا تناؤ میں اضافہ ہو۔‘
انڈین نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق وزیر دفاع راج ناتھ نے کہا کہ ’چینی فوج کی کارروائیاں، ان کا جارحانہ رویہ اور سرحد پر فوجیوں کی تعداد میں اضافہ اور یک طرفہ طور پر سٹیٹس کو تبدیل کرنا باہمی معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔'

کشیدگی کے بعد انڈیا اور چین کی سیاسی قیادت کے درمیان پہلی مرتبہ تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: روئٹرز)

چینی وزیر دفاع وی فینگی نے ملاقات میں راج ناتھ سے کہا کہ تنازعے کو حل کرنے کے لیے مذاکرات ضروری ہیں لیکن چین اپنی خود مختاری کا دفاع کرنے کے لیے ثابت قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’چین اپنی زمین کا ایک انچ بھی نہیں چھوڑ سکتا۔ چینی فوج پوری طرح اپنی سالمیت کے لیے تیار اور پراعتماد ہے۔‘
چینی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ’امید ہے کہ انڈیا دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے کئی معاہدوں کی پاسداری کرے گا اور ایسی کوئی کارروائی نہیں کرے گا جس سے صورت حال تناؤ کا شکار ہو۔‘
روئٹرز کے مطابق دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی چین اور انڈیا کے درمیان تنازعے کے حل کے لیے مدد کی پیش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’صورت حال بہت خراب ہے۔ اور دونوں ممالک کی درمیان کشیدگی عام لوگوں کے خیال سے زیادہ ابتر ہے۔‘
واضح رہے کہ لداخ میں انڈیا اور چین کی فوج کے درمیان کئی ماہ سے کشیدگی جاری ہے۔ جون میں گلوان وادی میں ہونے والی ایک جھڑپ میں انڈیا کے 20 فوجی مارے گئے تھے جبکہ چین کی جانب سے ہلاکتوں کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا گیا تھا۔

شیئر:

متعلقہ خبریں