Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ: 20 لاکھ ریال کے کیبل چوری، ایشیائی گروہ گرفتار

ملزمان نے 3 گوداموں میں وارداتیں کیں(فوٹو، ٹوئٹر)
جدہ میں پولیس نے گیارہ رکنی ایشیائی چوروں کے گروہ کو گرفتار کیا ہے۔ گوداموں سے 2 ملین ریال مالیت کے بجلی کے کیبلز چرانے کا الزام ہے۔
مکہ ریجن کے پولیس ترجمان میجر محمد الغامدی نے سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کو بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ جدہ میں نامعلوم چوروں نے متعدد گوداموں میں چوری کی وارداتیں کیں  جہاں سے وہ بجلی کے کیبلز لے کر فرار ہو گئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ رپورٹ درج کرنے کے بعد ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ۔ پولیس ٹیموں نے جلد ہی ملزمان کا سراغ لگا لیا جن میں 11 پاکستانی شامل تھے۔
میجر محمد الغامدی کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ملزمان نے 3 گوداموں میں  واردات کی جہاں سیکیورٹی گارڈز کو انہوں نے زدوکوب بھی کیا۔ ان سے موبائل اور دیگر قیمتی اشیا بھی چھین لی تھیں۔
ملزمان کی عمریں 30 سے 40 برس کے درمیان ہیں ان سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ مسروقہ کیبلز کی مالیت 20 لاکھ ریال بتائی جاتی ہے۔
پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد گروہ کو پراسیکیوشن کے سپرد کردیا گیا جہاں سے چالان مکمل کرنے کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیاجائے گا۔

شیئر: