ریاض۔۔۔۔۔آسٹریا کے دارالحکومت ویانامیں اقوام متحدہ کی عمارت کے سامنے الاحواز کے عرب باشندوں نے ایران کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا۔ الاحواز ایران میں واقع ہے اور یہ عربوں کا علاقہ ہے۔ مظاہرین نے ایران کے غاصبانہ قبضے کے خلاف نعرے بازی کی۔آسٹریا میں مقیم سیکڑوں عرب شہری مظاہرے میں شریک ہوئے۔ احواز کے باشندے آسٹریا کے مختلف شہروں سے ویانا پہنچے تھے۔ احواز کی تحریک آزادی نے اس کا اہتمام کیا تھا۔ تحریک نے خبردار کیا کہ ظلم کے خلاف بلند کی جانیوالی آواز جلد آتش فشاں کی شکل اختیار کرلے گی۔انہوں نے توجہ دلائی کہ قابض ایرانی حکمراں احواز کے باشندوں کو جھکانے کیلئے ہر طرح کے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔ انہیں روزی ، روٹی کمانے تک سے محروم کیا جارہا ہے۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ احواز کے عوام کو حق خود ارادی دلایاجائے۔ انہوں نے احواز میں ایرانی مظالم کے حقائق عالمی رائے عامہ کے سامنے لانے کیلئے اقوام متحدہ وفد بھیجنے کا بھی عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ایران 1925ء کے احواز پرغاصبانہ قبضہ جمائے ہوئے ہے۔ اس سے قبل یہ علاقہ الاحواز عربی علاقہ کے نام سے جانا پہچانا جاتا تھا۔