Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آن لائن ایجوکیشن، کمپیوٹرز کی بڑھتی قیمتوں کا نوٹس

مارکیٹوں، سینٹرز اور دکانوں پر چھاپہ مہم تیز کردی ہے۔ (فوٹو اخبار 24) 
سعودی عرب میں نئے تعلیمی سال کی شروعات آن لائن ایجوکیشن کے ذریعے کیے جانے کے باعث مملکت بھر میں کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ کی طلب بڑھ گئی ہے۔
کاروباری مراکز نے بڑھتی ہوئی طلب دیکھ کر من مانی قیمتیں وصول کرنا شروع کردیں۔ وزارت تجارت نے اس کا نوٹس لیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت تجارت کی فیلڈ  ٹیموں نے مملکت بھر میں آفس کمپیوٹر سیٹس اور لیپ ٹاپ فروخت کرنے والی مارکیٹوں، سینٹرز اور دکانوں پر چھاپہ مہم تیز کردی ہے۔  

وزارت تجارت کے انسپکٹرز ریکارڈ چیک کررہے ہیں۔(فوٹو اخبار 24)

وزارت تجارت کے انسپکٹرز اچانک مارکیٹ پہنچ کر آفس کمپیوٹر، لیپ ٹاپ، الیکٹرانک آلات کی دکانوں کا ریکارڈ چیک کررہے ہیں۔
الیکٹرانک آلات اور کمپیوٹر تقسیم کرنے والے تاجروں اور ایجنٹس کے گوداموں اور شورومز پر بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔
وزارت تجارت نے بیان  میں کہا ہے کہ ہمارا مقصد اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ طلبہ  اور ان کے سرپرستوں سے ناجائز فائدہ نہ اٹھایا جائے۔ دکانداروں سے تحفظ صارفین قوانین کی پابندی کرائی جارہی ہے۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں اور دکانداروں کے  خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔ 

دکانداروں سے تحفظ صارفین قوانین کی پابندی کرائی جارہی ہے۔(فخبار 24)

وزارت تجارت نے مزید کہا کہ  فیلڈ ٹیمیں یہ بھی چیک کررہی ہیں کہ جعلی لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔ حد سے زیادہ مہنگے لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر فروخت کرنے کا نوٹس لیں۔
یہ اطلاعات بھی ملی تھیں کہ کئی تاجر صارفین کو بے وقوف بنانے کے لیے فرضی پیشکشیں کررہے ہیں۔ اس حوالے سے بھی ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔ کس نے کہاں سے کتنا سامان کتنے داموں خریدا ہے۔ اس کا ریکارڈ بھی چیک کیا جارہا ہے۔ 
وزارت تجارت نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے میں وزارت کا ساتھ دیں۔ جہاں بھی وہ کسی قسم کی کوئی خلاف ورزی دیکھیں پہلی فرصت میں ’بلاغ تجاری‘ ایپ یا  1900 پر رابطہ کرکے اس حوالے سے مطلع کریں نیز وزارت کی ویب سائٹ پر بھی رپورٹ کی جاسکتی ہے۔

شیئر: