انڈیا میں ایک گاؤں کے رہائشیوں نے تالاب میں آنے والے ایک مگرمچھ کو حکام کے حوالے کرنے کے لیے تاوان مانگ لیا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ واقعہ انڈین ریاست اترپردیش کے گاؤں مدیان میں پیش آیا جہاں دیہاتیوں نے پہلے حکام کو آٹھ فٹ لمبے مگرمچھ کے بارے میں مطلع کیا لیکن بعد میں تاوان مانگنے کا منصوبہ بنا لیا۔
حکام نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ مگر مچھ ریاست میں آنے والے سیلاب کے نتیجے میں گاؤں کے قریب واقع ٹائیگرز کی قدرتی پناہ گاہ سے اس تالاب میں پہنچ گیا تھا۔
اہلکار انیل پٹیل نے بتایا کہ مقامی افراد نے اس مگرمچھ کو پکڑا اور بعد میں اسے واپس کرنے کے لیے 50 ہزار انڈین روپے کا مطالبہ کیا۔
مزید پڑھیں
-
’معصوم جانور ایک سیلفی کے لیے مارے جا رہے ہیں‘Node ID: 430261
-
'دنیا کی جنگلی حیات میں دو تہائی کمی'Node ID: 504196
’ہمیں مقامی انتظامیہ اور پولیس کی مدد سے مگرمچھ کو حوالے کرنے کے لیے انھیں قائل کرنے میں گھنٹوں لگے۔‘
دیہاتیوں کو قانونی کارروائی کرنے کی دھمکی بھی دی اور انھیں بتایا گیا کہ اس جرم میں انھیں سات سال تک قید بھی ہو سکتی ہے۔
اہلکار انیل پٹیل کے مطابق مگرمچھ کو اسی دن قریب میں واقع دریا میں آزاد کر دیا گیا۔
انھوں نے بتایا کہ’ دیہاتیوں کو بالکل معلوم نہیں تھا کہ جانوروں کے تحفظ کے ایکٹ کی فہرست میں مگرمچھ بھی شامل ہے اور اس واقعے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ لوگوں کو جنگی حیات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا کتنا اہم ہے۔‘