Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا میں کورونا متاثرین دو کروڑ 92 لاکھ

کینیڈا میں ایک ہفتے کے دوران کورونا کے ایک ہزار 300 کیسز سامنے آئے ہیں (فوٹو:روئٹرز)
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد دو کروڑ 92 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے اور نو لاکھ 27 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے پیر کو تنبیہ کی ہے کہ کینیڈا ابھی کورونا وائرس کی وبا کے خطرے سے باہر نہیں نکلا ہے، انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ملک بھر میں کوووڈ 19 کیسز کے اضافے کے پیش نظر محتاط رہیں۔  
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کینیڈا میں ایک ہفتے کے دوران کورونا وائرس کے ایک ہزار 300 کیسز سامنے آئے ہیں۔
پیر کو کینیڈا کے زیادہ آبادی پر مشتمل صوبے کیوبک اور انٹاریو میں 600 کے قریب کیسز کی تصدیق ہوئی۔ 
ٹروڈو نے اٹاوا میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 'ایک چیز جو ہم دیکھ رہے ہیں وہ یہ ہے کہ 'ملک میں (کورونا) کیسز کی تعداد میں اضافے سے معلوم ہوتا ہے کہ ہم خطرے سے باہر نہیں ہیں۔'
کینیڈا میں مارچ کے وسط سے لے کر پیر تک کورونا وائرس کے ایک لاکھ 37 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ نو ہزار 200 لوگ اس مہلک وائرس کے نتیجے میں ہلاک ہوچکے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق آسٹریلیا کی سب سے زیادہ آبادی پر مشتمل ریاست وکٹوریہ میں منگل کو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔
وکٹوریہ کی ریاست کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 42 افراد میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی جو ایک دن پہلے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد سے معمولی زیادہ ہے اور یہ تعداد اگست میں 700 سے زائد کیسز کے مقابلے میں کافی حد تک کم ہے۔

چین میں نیشنل ہیلتھ کمیشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 14 ستمبر کو کووڈ 19 کے آٹھ نئے کیسز سامنے آئے ہیں(فوٹو:اے ایف پی)

ادھر چین میں نیشنل ہیلتھ کمیشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 14 ستمبر کو کووڈ 19 کے آٹھ نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور یہ تعداد ایک دن قبل رپورٹ ہونے والے 10 کیسز کی تعداد سے کم ہے۔
منگل کو نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 85 ہزار 202 ہو چکی ہے اور اب تک اس وائرس سے چار ہزار 634 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔  
برازیل میں پیر کو کورونا وائرس کے 15 ہزار 115 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے 43 لاکھ تک جا پہنچی ہے جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

شیئر: