Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیسز سامنے آنے پر اسلام آباد میں میڈیکل کالج سیل

نوٹیفکیشن کے مطابق رفاہ میڈیکل کالج میں 16 سے زائد کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے رفاہ میڈیکل کالج اور ہاسٹل کو سیل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے دفتر سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’وبائی امراض کنٹرول ایکٹ 1958 کے تحت، قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) اور حکومت پاکستان کی سفارشات کے مطابق، وزارت صحت کی جانب سے 14 ستمبر کو جاری ہونے والے خط کا جائزہ لینے کے بعد 16 سے زائد کیسز پازیٹو ثابت ہوئے ہیں جس کے بعد دوسرے لوگوں تک بیماری کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے متذکرہ قدم اٹھایا جا رہا ہے۔‘
نوٹیفیکیشن کے مطابق ’رفاہ میڈیکل کالج بمع ہاسٹل اور تمام احاطہ کے، کو فوری طور پر تا حکم ثانی سیل کرنے کے احکامات کیے جاتے ہیں۔‘

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد آفس کی جانب سے جاری ہونے والا نوٹیفکیشن

اسلام آباد کے ضلعی ہیلتھ افسر ضعیم ضیا نے اردو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ اسلام آباد میں گزشتہ دن 3100 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 21 کورونا کیسز کی تشخیص ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ روزانہ 300 سے زائد طلبہ اور اساتذہ کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں جہاں بھی ایس او پیز کئ خلاف ورزی یا کورونا کیسز نظر آئے ایسے تعلیمی اداروں کو فورا سیل کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر کے دفتر سے جاری نوٹیفیکیشن میں اسلام آباد پولیس سے کہا گیا ہے کہ بیماری کے مزید پھیلاؤ کو روکنے اور معاشرے کے مفاد میں متذکرہ مقام کو بند کیا جائے۔
نوٹیفکیشن کی کاپی چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد آفس سمیت دیگر حکام کو بھی بھیجی گئی ہے۔

شیئر: