Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں کورونا سے 50 ہزار سے زائد ہلاکتیں

چوبیس گھنٹوں میں941 افراد اس وبا سے ہلاک ہو چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 26 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ 50 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
انڈین این ڈی ٹی وی کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران انڈیا میں 58 ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور 941 افراد اس وبا سے ہلاک ہوئے ہیں۔
انڈیا کورونا وائرس کی وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے۔ گذشتہ 13 دنوں سے دنیا میں سب سے زیادہ کیسز انڈیا میں رپورٹ ہو رہے ہیں۔
انڈیا میں گذشتہ 200 دنوں کے دوران 26 لاکھ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ انڈیا میں کورونا وائرس کے پہلے مریض کی تصدیق ریاست کیرالہ میں 30 جنوری کو ہوئی تھی۔
انڈیا میں 19 مئی تک ایک لاکھ کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جولائی کے آغاز میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد چھ لاکھ تک پہنچ گئی تھی جبکہ جولائی کے آخر تک یہ تعداد بڑھ کر 16 لاکھ تک پہنچ گئی۔
وزارت صحت کے مطابق رواں ماہ کورونا وائرس کے دس لاکھ کیسز ریکارڈ ہوئے جبکہ چھ اگست کو ملک میں کل کیسز کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔

انڈیا میں کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق اب تک انڈیا میں کورونا وائرس کے تین کروڑ ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہاراشٹرا، آندھرا پردیش، کرناٹک، تامل ناڈو اور اتر پردیش میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سب سے زیادہ اموات بھی ان ہی ریاستوں میں ہوئی ہیں۔
انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے یوم آزادی کے موقع پر کہا تھا کہ کورونا وائرس کے انسداد کے لیے تین ویکسینز کی ٹیسٹنگ مختلف مراحل پر ہیں، حکومت کا پلان ہے کہ جب یہ ویکسینز منظور ہوں تو اسے ہر انڈین تک پہنچایا جائے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں