Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیروت دھماکے، تباہ ہونے والی 85 ہزار املاک کا سروے

دارالحکومت کے بڑے حصے میں تباہی ہوئی تھی۔(فائل فوٹو اے ایف پی)
لبنانی فوج نے بیروت بندر گاہ پر گزشتہ ماہ ہونے والے دھماکے میں تباہ ہونے والے 85 ہزار سے زیادہ مکانات، کاروباری مراکز اور دیگر عمارتوں کا سروے کیا ہے۔
چار اگست کو بیروت کی بندرگاہ کے گودام میں ذخیرہ سیکڑوں ٹن امونیم نائٹریٹ کے خوفناک دھماکے سے 190 افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوگئے تھے۔ دارالحکومت کے بڑے حصے میں تباہی ہوئی تھی۔
لبنانی فوج کا کہنا ہے کہ کل 85 ہزار 744 متاثرہ یونٹس کا سروے کیا گیا ہے۔اس میں 60 ہزار 818 ہاوسنگ یونٹس، 19 ہزار 115 کاروباری مراکز، ایک ہزار137 ثقافتی ورثہ، 962 ریستوران، 82 ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ، 12 ہسپتال اور دیگر یونٹ شامل ہیں۔

دھماکے سے 190 افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوگئے تھے۔(فائل فوٹو اے ایف پی)

سروے سے پتہ چلا ہے کہ تقریبا نصف مربع کلومیٹر کے علاقے میں شیشے ٹوٹے ہیں۔ اس کے ساتھ ایک لاکھ چالیس ہزار مربع میٹر کے علاقے میں شیشے کے ٹکڑے پڑے ہیں۔
سروے سے معلوم ہوا کہ ایک لاکھ 8 ہزار سے بھی زیادہ دروازوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
لبنانی فوج کا کہنا ہے کہ بیروت بندگاہ دھماکے کے بعد سے نو افراد اب بھی لاپنہ ہیں۔ ان میں تین لبنانی ، پانچ شامی اور ایک مصری شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ  دھماکے سے ہونے والے نقصان کے حوالے سے اس سروے کو کافی سمجھا جاتاہے۔ ڈونر ممالک کے ذریعے مزید سروے کرانے کی ضرورت نہیں ہے۔

دھماکے کے بعد سے نو افراد اب بھی لاپنہ ہیں۔(فوٹو روئٹرز)

ڈونر ممالک، غیر سرکاری تنظیمیں یا رضا کار سروے کے نتائج تک رسائی کی درخواست کرسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ 9 اگست کو اقوام متحدہ اور فرانس کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والی وڈیو کانفرنس میں بین الاقوامی ڈونرز نے 300 ملین ڈالر ہنگامی امداد کا وعدہ کیا ہے۔
فرانس کے صدر نے ستمبر کے آغاز میں اپنے دوسرے دورہ بیروت کے دوران اکتوبر میں دوسری ڈونر کانفرنس کی میزبانی کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

شیئر: