دستاویزی فلم انسانی کہانیوں کا مجموعہ ہے۔ (فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزارت اطلاعات نے ’مرحلہ صعبۃ‘ (دشوار مرحلہ) کے نام سے پہلی دستاویزی فلم جاری کی ہے جسے ریاض کے اے ایم سی سینما گھر میں دکھایا گیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق دستاویزی فلم انسانی کہانیوں کا مجموعہ ہے۔ نئے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے ہرطرح کی قربانیاں دینے والے صحت عملے کی قربانیوں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
علاوہ ازیں زندگی کے مختلف شعبوں میں مقامی شہریوں کے مختلف پہلو بھی اجاگر کیے گئے ہیں۔
سیکریٹری ابلاغ عبداللہ المغلوث نے کہا کہ دستاویزی فلم قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی کی ہدایت پر تیار کی گئی۔ مسلسل 75 دن تک اس پر کام کیا گیا۔ سرکاری رابطہ مرکز نے یہ فلم تیار کرائی ہے۔ فلم کے واقعات کی ریکارڈنگ اور منظر کشی میں 60 گھنٹے صرف ہوئے۔
ڈاکٹر المغلوث نے بتایا کہ فلم بنانے میں 70 سے زیادہ سعودی نوجوان شریک ہوئے۔ عکس بندی 5 علاقوں میں کی گئی۔ کرفیو کے دوران کے مناظر ریکارڈ کیے گئے۔ تمام سرکاری اداروں نے فلم کی تیاری میں حصہ لیا اور ضروری سہولتیں فراہم کیں۔