سعودی عرب کے لیے پی آئی اے کی مزید 21 پروازوں کی اجازت
پروازوں سے متعلق پی آئی کے سی ای او نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی (فوٹو: اے ایف پی)
حکام کے مطابق سعودی عرب نے پاکستانی مسافروں کے لیے مزید 21 پروازوں کا خصوصی اجازت نامہ جاری کر دیا ہے۔
پی آئی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق منگل کو پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے وزیراعظم سے لوگوں کی پریشانی اور بے پناہ رش حل کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اعلیٰ سطح کی سفارتی ذرائع استعمال کرنے کے بعد صرف پی آئی اے کو خصوصی طور پر مزید پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔
خیال رہے پی آئی اے نے 15 ستمبر کو اضافی پروازوں کی اجازت ملتے ہی بکنگ کا آغاز کردیا تھا تاہم زیادہ تر اقامے جو 30 ستمبر کو مدت پوری کررہے ہیں، کی وجہ سے پی آئی اے کے دفاتر اور ایجنٹس کے پاس غیر معمولی رش ہوگیا تھا۔
بیان کے مطابق کہ کچھ عناصر نے موقع سے فائدہ اٹھا کر کئی گنا مہنگے ٹکٹس فروخت کرنے شروع کردیے۔ پی آئی اے کے سی ای او نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئےاصل کرائے شائع کروائے اور مزید پروازوں کی اجازت طلب کی تھی۔
تاہم سعودی حکام کی جانب سے 28 پروازوں کی بجائے اجازت صرف صرف 13 کو ملی۔
سعودی عرب کے لیے پی آئی اے کی ہفتہ وار 23 پروازیں پاکستان کے مختلف شہروں سے روانہ ہو رہی ہیں جن میں گنجائش 12000 افراد کی ہے۔
13 مزید پروازیں سماجی فاصلے کی قوانین کے ساتھ آپریٹ کرنے سے مزید 3500 کی گنجائش پیدا ہوئی جو طلب سے بہت کم تھی۔
اب وزیراعظم کی مداخلت کے ساتھ 21 مزید پروازوں کی جازت کے بعد پی آئی اے کی صلاحیت 25،500 افراد کی ہوگئی ہے۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں