سعودی عرب کے لیے اضافی کرائے، پی آئی اے کا نوٹس
پاکستان نے سعودی عرب کے لیے 28 مزید پروازوں کی اجازت طلب کر رکھی ہے۔ (فوٹو: پی آئی اے)
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے سربراہ ایئر مارشل ارشد ملک نے سعودی عرب کی پروازوں کے لیے اضافی کرائے کی وصولی کا نوٹس لیتے ہوئے سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
پی آئی اے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چند ٹریول ایجنٹس اور عناصر کی طرف سے ٹکٹوں کی طلب سے فائدہ اٹھا کر اضافی کرایہ وصول کرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔
ترجمان عبداللہ خان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی سعودی عرب کے لیے پرواز کا کرایہ بشمول تمام ٹیکس 84 ہزار روپے ہے، کوئی بھی ایجنٹ چار سے پانچ ہزار سے زائد کمیشن وصول نہیں کرسکتا جو کہ اس کرائے میں شامل ہے۔
انہوں نے صارفین کو ٹکٹ کی قیمت سے زیادہ پیسے نہ ادا کرنے کی ہدایت کی ہے اور زیادہ پیسے طلب کرنے پر پی آئی اے کے ای میل ایڈرس ([email protected]) پر شکایت درج کرنے کا کہا ہے۔
ترجمان کے مطابق پرانے ٹکٹ پر ایک سو ڈالر اضافی رقم ادا کر کے نئی پروازوں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
پی آئی اے کی جانب سے بیان میں کہا ہے کہ مسافروں کی سہولت کے لیے سعودی عرب سے 28 مزید پروازوں کی اجازت طلب کر رکھی ہے، اس سلسلے میں پی آئی اے انتظامیہ سعودی حکام سے رابطے میں ہے۔
پی آئی اے کے سربراہ ارشد ملک نے پاکستان میں سعودی سفیر سے ملاقات کر کے اجازت کی استدعا بھی کی ہے۔
ترجمان کے مطابق ایک یا دو دن تک اجازت ملنے کے بعد نشستیں آرام سے دستیاب ہوں گی، اگلے دو دنوں میں تمام مسافر بآسانی ٹکٹ حاصل کر سکیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے اقاموں کی میعاد 30 ستمبر تک پوری ہونے پر اضافی پروازوں کی درخواست کی ہے جو 20 تا 30 ستمبر کے درمیان چلائی جائیں گی۔
پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ پروازوں کی تیاری مکمل ہے، اجازت ملتے ہی بکنگ کے لے سسٹم میں دستیاب ہوں گی۔