سعودی عرب میں قومی دستاویزات کے نیشنل سینٹر نے مملکت کے قومی دن سے متعلق چار تاریخی دستاویزات جاری کی ہیں۔ ان سب میں قومی دن کے لیے یکم میزان کا تعین کیا گیا ہے۔ ہر سال یکم میزان 23 ستمبر کو پڑتا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق پہلی دستاویز کا تعلق بانی مملکت شاہ عبدالعزیز کے شاہی فرمان سے ہے۔ جس میں انہوں نے مملکت حجاز و نجد و ملحقہ علاقوں کے بجائے ریاست کو مملکت سعودی عرب کا نام دیا ہے۔ انہوں نے متحدہ ریاست کے قیام کے اعلان کے لیے یکم میزان کی تاریخ کا انتخاب کیا تھا۔
دوسری دستاویز شاہ فیصل بن عبدالعزیز کے دستخط سے جاری ہوئی۔ یہ 1351ھ کی بات ہے۔ اس وقت وہ نائب الملک ہوا کرتے تھے۔ مملکت سعودی عرب کے نام کے اعلان کے موقع پر توپیں بھی داغی گئی تھیں۔
تیسری دستاویز شاہ فیصل بن عبدالعزیز کے دستخط اور شاہی مہر سے 1385ھ میں جاری کی گئی۔ اس شاہی دستاویز میں لکھا گیا ہے کہ 23 ستمبر مملکت سعودی عرب کا قومی دن ہوگا۔
چوتھی دستاویز 1425ھ کو شاہ فہد بن عبدالعزیز نے جاری کی۔ انہوں نے فیصلہ کیا کہ 1426ھ سے ہر سال 23 ستمبر کو سرکاری چھٹی ہوگی تاکہ عوام یوم تاسیس شایان شان طریقے سے منا سکیں۔