خیبر پختونخوا میں شیخ محمد بن زاید شاہراہ کا افتتاح
خیبر پختونخوا میں شیخ محمد بن زاید شاہراہ کا افتتاح
منگل 29 ستمبر 2020 17:48
وزیر اعظم عمران خان نے ضلع مہمند میں 42 کلومیٹر طویل شاہراہ کا افتتاح کیا ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں 42 کلومیٹر طویل شیخ محمد بن زاید آلنہیان شاہراہ کا افتتاح کیا ہے۔
اس منصوبے کو متحدہ عرب امارات کے پاکستان امدادی پروگرام کے تحت مکمل کیا گیا ہے۔ ابوظبی فنڈ برائے ترقی نے اس کے لیے مالی اعانت فراہم کی ہے۔ اس پر 29 ملین ڈالر سے زیادہ لاگت آئی ہے۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے یادگاری تختی کی نقاب کشائی کی اور تعمیر شدہ سڑک کا جائزہ لیا۔ انہوں نے منصوبے میں تعمیر ہونے والے پل، سرنگوں اور واٹر چینلز کو بھی دیکھا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں عمران خان نے متحدہ عرب امارات اور بالخصوص شیخ محمد بن زاید سے اظہار تشکر کیا ۔
پروگرام کے ڈائریکٹر عبداللہ خلیفہ الغفلی نے کہا کہ یہ شاہراہ خیبر پختونخوا کے خطے میں مکمل ہونے والے سب سے بڑے اور اہم جدید ترقیاتی منصوبوں میں سے ایک ہے۔ یہ سڑک نو شہروں اور چھ دیہات کو ملاتی ہے۔ اس کی چوڑائی 9.3 میٹر ہے جبکہ اس میں ایک سرنگ اور نو ایک دوسرے کو ملانے والے پل اور نکاسی آب کا نظام شامل ہے۔
عبداللہ خلیفہ الغفلی نے کہا کہ یہ شاہراہ محفوظ سفر میں معاون ثابت ہوگی۔ اس سے ایسے شہروں اور دیہات کو آپس میں جوڑنے میں مدد ملے گی جو اس سے پہلے دشوار گزار پہاڑی سلسلے کے باعث ایک دوسرے سے کٹے ہوئے تھے۔
علاقے سے سامان، زرعی، معدنی اور مویشیوں سے متعلق مصنوعات اور تعمیراتی سامان کی پاکستان کے دوسرے علاقوں تک رسائی آسان اور تیز کرنے میں بھی مدد ملے گی جس سے مقامی معیشت مضبوط ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس سڑک کا نام شیخ محمد بن زاید کے نام پر رکھا گیا ہے جو گزشتہ کئی برسوں سے پاکستانی عوام کے لیے ان کی انسان دوست سرگرمیوں اور مستقل ترقیاتی منصوبوں کا اعتراف ہے۔
پاکستان میں امرات کے سفیر حمد الزعابی نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان تاریخی اور قریبی تعلقات وروابط میں بندھے ہوئے ہیں۔پاکستانی معاشرے کے تمام لوگوں کی خدمت کےلیے انسان دوستی کے اصولوں کے تحت پائیدار ترقیاتی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے پابند ہیں۔
افتتاحی تقریب میں خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں کے گورنر عالم خٹک، وزیر اعلی محمود خان، پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ، پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی،صوبائی وزراء، پاک فوج کے سینئر کمانڈرز، افسران اور سرکاری و مقامی محکموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔