پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے خلیفہ فاونڈیشن کی امداد
پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے خلیفہ فاونڈیشن کی امداد
بدھ 2 ستمبر 2020 13:20
امدادی اشیاء سے 75 ہزار افراد مستفیض ہونگے۔(فوٹو وام)
متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے فوری امدادی مہم شروع کرنےکا اعلان کردیا گیا ہے۔
امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان اور ابو ظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید کی جانب سے امدادی مہم کے لیے خصوصی احکامات صادر کیے گئے ہیں۔
امارات کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق پاکستان میں ہونے والی حالیہ شدید بارشوں سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال میں جنوبی سندھ کے علاقے کافی متاثر ہوئے جس کی وجہ سے وہاں ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید ابراہیم الزعابی نے اپنے ایک بیان میں كہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کی ہدایت کے مطابق اور ابوظہبی کے ولی عہد اور امارات کی مسلح افواج کے نائب سربراہ اعلیٰ شیخ محمد بن زاید آل نہیان كی مدد اور امارات كے نائب وزیر اعظم اور وزیر صدارتی امور اور خلیفہ بن زاید آل نہیان فاونڈیشن كے چیئرمین جناب شیخ منصور بن زاید آل نہیان كے براہ راست پیروی میں یہ پروگرام شروع کیا جائے گا۔
سفیر الزعابی نے کہا کہ خلیفہ فاؤنڈیشن کے ذریعہ فراہم کی جانے والی یہ ہنگامی امداد متحدہ عرب امارات کے انسان دوست اور رفاہی کردار كو مستحكم بنانے اور مختلف برادر اور دوست ممالک میں اس کے ریلیف اور ترقیاتی اقدامات كے سلسلے میں ہے۔
عبید الزعابی نے کہا کہ جلد سے جلد متاثرہ افراد کو امداد کی تقسیم اور فراہمی کے لئے ایک جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ ہنگامی امداد كے پہلے مرحلے میں جنوبی سندھ كے متاثرہ علاقوں خاص طور پر دریائے سندھ کے قریبی شہروں اور قصبوں میں دوائیاں ، خیمے ، کمبل اور کھانے کی اشیاء كی فراہمی شامل ہیں۔
سفیر نے بتایا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کا ڈھانچہ سیاسی ، معاشی اور تجارتی تعلقات ، دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں روابط ، ثقافتی تعاون اور تجربات کے تبادلے پر مبنی ہے۔
پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد کے لئے انسانی ہمدردی اور رفاہی منصوبے متحدہ عرب امارات کی انسانی بہبود کے لئے اہم اور قائدانہ کردار اور انسانی ترقی كیلئے اسكے کوششوں کے دائرہ کار میں آتے ہیں۔
اماراتی سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ متحدہ عرب امارات کی قیادت کی ہدایت پر دی جانے والی امداد كی بنیاد لوگوں كی زندگیوں اور مستقبل میں آسانیاں فراہم كرنا ہے جوكہ انسانی ہمدردی کی حمایت غریب اور نادار افراد کے لئے انسانی ترقی كیلئے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے نقطہ نظر اور اصولوں پر مبنی ہے۔
سفیر الزعابی نے کہا کہ اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے اور کراچی میں متحدہ عرب امارات کے قونصلیٹ جنرل کی تمام ورکنگ ٹیمیں اپنے فرائض بھر پور طور پر نبھا رہی ہیں۔ وہ پہلے ہی وہاں کے رہائشیوں اور خاندانوں كی امداد اور سپورٹ فراہم کرنے کے لئے موقع پرموجود ہے اور وزیر اعلی اور گورنر سندھ کے دفاتر اور دیگر متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے انكی امداد میں گامزن ہیں۔