18 برس کی عمر سے شہد تیار اور فروخت کررہی ہیں- فوٹو العربیہ
سعودی عرب میں شہد کے فارم بڑی تعداد میں قائم ہیں۔ عسیر ریجن کے رجال المع کی سعودی خاتون ھنا الالمعی نے اصلی شہد تیار کرنے والی پہلی سعودی خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے ھنا الالمعی نے کہا کہ 18 برس کی عمر سے شہد تیار اور فروخت کررہی ہوں۔ رجال المع کا علاقہ اعلی درجے کے اصلی شہد کے حوالے سے مشہور ہے۔
’جب بھی کینسر کے مریضوں سے ملتی اور ان کے فورمز میں شرکت کرتی تو وہ یہ سنتے ہی کہ میرا تعلق رجال المع سے ہے کینسر کے علاج کے لیے اصلی قدرتی شہد کی فرمائش کردیتے ہیں۔ ہمارے یہاں کئی قسم کے اصلی اور قدرتی شہد ہوتے ہیں۔ ہر قسم کا شہد انہیں مہیا کردیتی ہوں۔‘
ھنا الالمعی نےبتایا کہ میرے ذہن میں یہ جستجو پیدا ہوئی کہ شہد سے علاج پر ہونے والی ریسرچ کا مطالعہ کروں۔ ’ذہن میں یہ خیال آیا اور میں نے طب نبوی، جڑی بوٹیوں والے دیسی علاج، غیرملکی اور چینی حوالہ جات جمع کرکے شہد کے بارے میں پڑھنا شروع کردیا- میرا مقصد یہ تھا کہ مریضوں کو فائدہ پہنچاؤں اور انہیں جو بات بتاؤں وہ مستند ہو۔‘
سعودی خاتون کا کہنا تھا کہ شہد سے متعلق مختلف معلومات حاصل کرنے کا سفر سوشل میڈیا کے ذریعے شہد کے کاروبار میں تبدیل ہوگیا۔ شہد فروخت کرنے کے لیے سپیشل ویب سائٹ قائم کی ہے اور اس کے ذریعے میں کاروبار کررہی ہوں۔
اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ شہد کی بڑھتی ہوئی طلب دیکھ کر شہد کے چھتے بڑے پیمانے پر قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس مقصد کے لیے ایک جگہ سے دوسری جگہ کا سفر کرنے لگی۔ یہ بھی پتہ لگایا کہ شہد کی مکھیاں کون سے درخت سے اپنی غذا حاصل کرتی ہیں۔ آپ کو حیرت ہوگی کہ حجاز اور تہامہ میں شہد فارم کھولے ہوئے ہوں۔ جہاں اس کا موسم ہوتا ہے وہیں منتقل ہوجاتی ہوں۔
سعودی خاتون نے بتایا کہ سال میں دس ٹن السدر شہد تیار کر رہی ہوں ۔ سال میں دو مرتبہ چھتوں سے شہد نک لا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں الطلح شہد بھی دس ٹن کے لگ بھگ تیارکررہی ہوں- جہاں تک السمرۃ شہد کا تعلق ہے تو سال میں اس کا موسم صرف ایک بار آتا ہے اور اس سے تقریبا سات ٹن شہد تیار کرلیتی ہوں۔
ھنا الالمعی کا کہنا ہے کہ سکالرز کا کہنا ہے کہ السدر شہد مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے، معدے کے امراض کے علاج میں موثر ہے۔ جہاں تک السمرۃ شہد کا تعلق ہے تو وہ ذیابیطس کے مرض میں کارگر ہے۔