’مداحوں کو آٹو گراف نہ دے سکیں اس لیے فون کر رہی ہیں‘
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیاں محدود کی گئی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
کرکٹ کی بین الاقوامی تنظیم آئی سی سی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم کی دو کھلاڑیوں کی ویڈیو شیئر کی ہیں جس میں انہوں نے ایک کرکٹ مداح کو فون کر کے خوشگوار حیرت میں مبتلا کیا۔
ویڈیو میں آسٹریلوی خواتین کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی فون ملا کر سپیکر آن کرتی ہیں اور فون اٹھانے والی خاتون کو بتاتی ہیں کہ ’آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی الیسا ہیلے اور ڈیلیسا کمنس آپ سے مخاطب ہیں۔ ہم نے آُپ کا نمبر آسٹریلوی کرکٹ کی ویب سائٹ کے ڈیٹا بیس سے لیا ہے۔‘
فون وصول کرنے والی خاتون جواب میں کہتی ہیں کہ ’کیا آپ سنجیدہ ہیں؟‘
کھلاڑی الیسا ہیلے ہنس کر کہتی ہیں کہ ’جی، آپ گزشتہ ہفتے ہمارے ٹی ٹونٹی میچز دیکھنے آئی تھیں مگر احتیاطی تدابیر کی وجہ سے ہم مداحوں سے مل کر ان کو آٹو گراف نہ دے سکیں اس لیے آپ کو فون کرکے سپورٹ کرنے پر شکریہ ادا کر رہی ہیں۔‘
خاتون مداح کی آواز آتی ہے کہ ’یہ غیرمعمولی اور متاثر کن ہے۔‘ پھر وہ کہتی ہیں کہ ’ٹھہریے، میں اپنی 14 برس کی بیٹی کو بھی سنا دوں وہ بھی کرکٹ کھیلتی ہیں۔ اور اس کال کی وجہ سے خوشی سے چیخ اٹھی ہیں۔‘
آئی سی سی کے ٹوئٹر ہینڈل نے ویڈیو کے ساتھ لکھا ہے کہ ’مداحوں کو آٹوگراف دینا ممکن نہ تھا تو ان کو فون کر لیا۔ یہ آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم کی جانب سے بہترین ہے۔‘
اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے ہیں۔
ارول لوبو نامی ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا ہے کہ ’یہ حیران کن اور زبردست ہے، ایسے مشکل وقت میں ایسے ہی طرزِ عمل کی ضرورت ہے۔‘
ڈیوڈ ای نامی صارف نے تبصرہ کیا کہ ’یہ ایک بہترین عمل ہے، امید ہے کہ دیگر ملکوں کے کھلاڑی بھی اپنے مداحوں کے ساتھ اسی طرح رابطہ کریں گے۔‘
جیزبیٹ نام کے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’انڈیا میں ان کے فون نمبر پھر عوامی گروپوں میں شیئر کیے جائیں گے۔‘