Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کورونا کے بعد بھی اعتمرنا ایپ پر عمل جاری رہے گا‘

’حرمین میں بھیڑ پر قابو پانے اور مناسک کی ادائیگی کو منظم کرنے کے لیے ایپ کی کامیابی متوقع ہے‘ (فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں کورونا کا مکمل خاتمہ ہونے کے بعد بھی اعتمرنا ایپ پر عمل جاری رہے گا۔
یہ بات نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبد الفتاح مشاط نے ٹی وی انٹرویو کے دوران کہی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’حرمین شریفین میں بھیڑ پر قابو پانے اور مناسک کی ادائیگی کو منظم کرنے کے لیے ایپ کی کامیابی متوقع ہے‘۔
’یہی وجہ ہے کہ اس پر عمل محض کورونا کے دوران تک محدود نہیں ہوگا بلکہ وزارت اسے مستقل بنیادوں پر قائم رکھنا چاہتی ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’داخلی عمرہ زائرین کے لیے کورونا ٹیسٹ ضروری نہیں، مکہ مکرمہ میں جمع ہونے کے مراکز میں ابتدائی معائنہ کافی ہے‘۔
’اعتمرنا ایپ کی کامیابی متوقع ہے، حرمین میں غیر منظم حاضری کے انسداد اور زائرین کی مرحلہ وار منظم زیارت میں اس کی افادیت دیکھی جائے گی‘۔
دوسری طرف حرم مکی شریف انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’حرم مکی شریف کو ہر گروہ کے عمرہ ادا کرنے کے بعد مکمل طور پر صاف کیا جاتا ہے‘۔

’ایک گروہ کے مناسک کی ادائیگی کے بعد 400 صفائی کارکن حرم کو سینیٹائز کرتے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)

’400 افراد مشتمل صفائی عملہ پورے حرم کو 15 منٹ میں صاف کردیتا ہے تاکہ اگلے وفد کے لیے تیار کیا جائے‘۔
واضح رہے کہ آج سے عمرہ زیارت کا آغاز ہوا ہے اور اب تک دو وفود نے عمرہ ادا کرلیا ہے۔

شیئر: