Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جاناں ملک:’کوکنگ کے لیے اداکاری سے بریک لی‘

چھوٹی سکرین کی بڑی اداکارہ ’’جاناں ملک‘‘ جو اب پروفیشنل شیف بن چکی ہیں ’’بیکس بائے جاناں ملک ‘‘ کے نام سے آن لائن کام کررہی ہیں۔ ان کے پرستار اپنی پسندیدہ اداکارہ کو اس نئے روپ میں دیکھ کر حیران تو ہوئے مگر انہیں خوب سراہا بھی گیا۔
اردو نیوز نے جاناں ملک سے ان کے نئے پروفیشن کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔ ایک عرصے تک اداکاری کے بعد کوکنگ کو بطور پروفیشن اپنانے کا خیال کیسے آیا تو بیکری ایکسپرٹ جاناں ملک نے بتایا کہ کوکنگ کا شوق انہیں بچپن سے ہی تھا۔ ’بے شک اداکاری میرا پروفیشن تھا لیکن دل میں ہمیشہ یہ خواہش انگڑائی لیتی تھی کہ کوکنگ کروں۔‘
جاناں ملک نے بتایا کہ ’کوکنگ کا شوق مجھے اپنی نانی سے ورثے میں ملا، انہیں کھانا بناتا دیکھتی تو میرا بھی دل کرتا کہ میں بھی کھانا بناؤں اور سب سے داد وصول کروں۔‘
جاناں کہتی ہیں کہ ان کے ساتھی فنکار بھی ان کے بنائے ہوئے کھانوں کی خوب تعریف کرتے تھے۔’سرمد سلطان کھوسٹ کا ڈرامہ سیریل ’’مور محل‘‘ کے دوران چھٹی کے دن  میرے پاس ایک لمبی لسٹ ہوتی تھی کہ کیا کیا بنانا ہے، میں شامی کباب بنا کر سیٹ پر لے جاتی تو سب اپنے گھروں سے آیا کھانا چھوڑ کر میرے کباب کھاتے۔ یہاں سے میرے اعتماد بڑھا اور مجھے لگا کہ میرے ہاتھ میں ذائقہ ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ایسے ہی ایک دن میرے دل میں خیال آیا کہ کیوں نہ کچھ عرصہ کے لیے ایکٹنگ سے بریک لے کر کوکنگ کے شوق کو پورا کیا جائے بس پھر یوٹیوب پر موجود ریسپیز کو ٹرائی کرنا شروع کیا۔‘
جاناں ملک نے ’سکافا‘ نامی کوکنگ انسٹیٹیوٹ سے باقاعدہ کوکنگ کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔ اس بارے میں انہوں نے بتایا کہ ’جب میری والدہ نے کھانے پکانے میں میری دلچسپی دیکھی تو انہوں نے باقاعدہ کوکنگ کی تعلیم لینے کا مشورہ دیا۔‘
جاناں کہتی ہیں کہ ’جب مجھ سے کلائنٹس ڈسکس کرتے ہیں کہ ایسا کیک بنا کر دیں اور ڈیکوریکٹ کریں تو مجھے بہت خوشی ہوتی ہے۔ میں جب آرڈر پر کیکس بناتی ہوں تو مجھے ایسا لگتا ہے براہ راست میں دوسروں کی خوشیوں میں شریک ہوگئی ہوں۔‘

جاناں ملک کہتی ہیں کہ ’جب آڈر پر کیکس بناتی ہوں تو ایسا لگتا ہے میں دوسروں کی خوشیوں میں شریک ہوگئی ہوں۔‘ (فوٹو:سوشل میڈیا)

انہوں نے کیٹرنگ کا کام بھی شروع کیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وہ دنیا کو بتانا چاہتی ہیں کہ شوبز میں رہتے ہوئے بھی کچھ مختلف کیا جا سکتا ہے۔
جاناں ملک سمجھتی ہیں کہ کھانا بنانا بنیادی ضرورت ہے اور یہ کام بلا تخصیص مرد اور عورت دونوں کو آنا چاہیے۔ ’ کھانا ہر کوئی بنا سکتا ہے بس محنت کی ضرورت ہے۔‘
اپنے کریئر کی شروعات کے حوالے سے جاناں نے بتایا کہ ان کا پہلا فوٹو شوٹ ڈھائی سال کی عمر میں ہوا ور اس کو اتنا پسند کیا گیا کہ کئی سال تک لوگوں کے گھروں میں ان کی تصویریں دیواروں پر لٹکی رہیں۔
’میرا ددھیال اور ننھیال دونوں شوبز سے وابستہ رہے ہیں، باری سٹوڈیو میرے دادا کا ہے اس لیے شوبز میں آنا میرے لیے کوئی انوکھی بات نہیں تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ ’ایک دن میں کسی سیٹ پر تھی تو کتاب پڑھتے پڑھتے بور ہو گئی، وہاں ایوب خاور موجود تھے انہوں نے کہا کہ تم مجھے ڈائیلاگز پڑھ کر سناؤ، رو کر دکھاؤ، ہنس کر دکھاؤ۔ میں نے یہ سب کر دیا تو ایوب خاور بہت متاثر ہوئے انہوں نے مجھے ایک سیریل دلوایا جس کا  بہت اچھا ریسپانس ملا۔‘ ڈرامہ سیریل’’ بلندی ‘‘سپر ہٹ ہوا تو پھر انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

ڈرامہ سیریل’’ بلندی ‘‘سپر ہٹ ہوا تو پھر جاناں ملک نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا (فوٹو:سوشل میڈیا)

جاناں ملک نے شوٹنگز کے دنوں کی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک ڈرامے کی ریگستان میں شوٹنگ کر رہی تھیں تو شوٹنگ ختم ہونے پر واپسی کی راہ لی تو پورے کُرو کو راستہ بھول گیا لیکن ان کے ساتھ موجود آرمی کے گائیڈ نے ان کی رہنمائی کی۔
آج کل بننے والی فلموں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آج کل بھی فلمیں بہت اچھی بن رہی ہیں لیکن حکومت سے تعاون مل جائے تو بہت حد تک بہتری آسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ’مجھے شان اور صائمہ کی جوڑی بہت پسند رہی ہے،بلکہ شان پر تو ایک عرصہ تک کرش بھی رہا ہے۔‘
کیا اب اداکاری کی طرف لوٹنے کا ارادہ ہے؟ اس سوال کے جواب میں جاناں نے کہا کہ ’اگر کوئی اچھا سکرپٹ ملا تو یقینا کروں گی لیکن روایتی کہانیوں میں کام کرنے میں فی الحال کوئی دلچپسی نہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’میں جب کام کررہی تھی تو مجھے ایسا لگنے لگا تھا کہ جیسے نو سے پانچ کی کوئی ملازمت ہے سکرپٹس بھی ایک جیسے مل رہے تھے اس لیے کچھ وقت کے لیے کام سے بریک لی۔‘
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: