Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرمپ ہسپتال سے ڈسچارج، مہم میں ’جلد واپسی‘ کا اعلان

صدر ٹرمپ کو صحتیابی کے بعد پیر کی رات کو پسپتال سے فارغ کر دیا گیا تھا۔ فوٹو اے ایف پی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہسپتال سے فارغ ہونے کے بعد امریکی عوام کو دیے گئے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ انہیں کورونا کی عالمی وبا سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ کو کورونا کے مرض سےصحتیاب ہونے کے بعد پیر کی رات کو ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا تھا۔
صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس واپس پہنچنے پر امریکی عوام کے لیے ویڈیو پیغام اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیا۔
ویڈیو پیغام میں صدر ٹرمپ نے کورونا سے نہ ڈرنے اور اسے اپنی زندگیوں پر حاوی نہ کرنے کی تلقین کی۔
انہوں نے امریکی عوام کو گھروں سے باہر نکلنے اور احتیاط برتنے کا کہا۔
ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو کورونا سے متاثر ہونے کے بعد انتخاباتی مہم بھی معطل کرنا پڑی تھی۔ تاہم انہوں نے پیر کی رات کو ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد صدارتی مہم میں جلد واپسی کا اعلان کیا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ انہوں نے پسپتال میں علاج کے دوران کورونا وائرس کے متعلق بہت کچھ سیکھا، اب وہ مکمل صحتیابی کے بعد اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔
اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور ٹویٹ کے ذریعے ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے کورونا سے نہ ڈرنے کو کہا تھا۔  ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ کورونا کے مرض سے صحتیاب ہونے کے بعد بہت اچھا محسوس کر رہے ہیں۔
’میں خود کو بیس سال پہلے سے زیادہ بہتر محسوس کر رہا ہوں۔‘
 آئندہ ماہ نومبر میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں صدر ٹرمپ کے حریف اور ڈیموکریٹ جماعت سے تعلق رکھنے والے سابق نائب صدر جو بائیڈن کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔
صدر ٹرمپ نے ہسپتال کے لیے روانہ ہونے سے پہلے اٹھارہ سیکنڈز کا ویڈیو پیغام اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کیا تھا، جس میں انہوں نے اپنے اور اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے حوالے سے کہا تھا کہ ان دونوں کی طبیعت ٹھیک ہے۔
وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ طبی ماہرین نے صدر ٹرمپ کو آئندہ چند دنوں کے لیے والٹر ریڈ ہسپتال میں قائم صدارتی دفتر سے اپنے فرائض سرانجام دینے کو کہا ہے۔
بیان کے مطابق صدر ٹرمپ کو احتیاطی بنیادوں پر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے تاکہ کورونا وائرس کی معتدل اعلامات بگڑنے نہ پائیں۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ کو گزشتہ ہفتے جمعے کی رات کو والٹر ریڈ ملٹری ہسپتال میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے منتقل کر دیا تھا۔

صدر ٹرمپ کو گزشتہ ہفتے جمعے کی رات کو والٹر ریڈ ملٹری ہسپتال میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے منتقل کر دیا تھا (فوٹو:اے ایف پی)

جمعرات کی رات کو ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ کے ذریعے اعلان کیا تھا کہ ان کا اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کر رہے ہیں۔
قبل ازیں 74 سالہ ٹرمپ کے مشیر مارک میڈوز نے کہا تھا کہ صدر میں کورونا وائرس کی ’معتدل‘ علامات ہیں اور توانا ہونے کے ساتھ صدر ٹرمپ کے حوصلے بلند ہیں۔
جمعے کی رات کو وائٹ ہاؤس کے معالج شون کونلی نے جاری بیان میں کہا تھا کہ صدر ٹرمپ کو اینٹی باڈی کاکٹیل ریجنرون کی ایک خوراک دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کے علاج کے لیے ریجنرون کے کلینکل تجربات جاری ہیں، تاہم ڈرگ اتھارٹی نے فی الحال اس کے استعمال کی منظوری نہیں دی ہے۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: