جمعہ سے صحرا میں لاپتہ ہونے والا شہری مل گیا
’شہری زندہ سلامت تھا، اس کے پاس کھجوریں اور پانی تھا جس سے وہ گزارا کرتا رہا‘ ( فوٹو: سبق)
جمعہ سے صحرا میں بھٹک جانے والا شہری مل گیا۔ اسے عون کمیٹی کے رضا کاروں نے سامودہ نامی صحرائی علاقے میں تلاش کر لیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق شہری کی گاڑی ریت میں پھنس گئی تھی، اس سے آخری رابطہ جمعہ کے دن ہوا تھا۔
عون کمیٹی کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’ہفتہ کے دن سامودہ پولیس اور قبہ صحرائی علاقے کی پولیس کی طرف سے رابطہ کیا گیا کہ ترکی حمد الحمود نامی شہری سامودہ اور قبہ صحرائی علاقے میں کہیں کھوگیا ہے جس نے اپنے بیٹے سے آخری مرتبہ جمعہ کے دن رابطہ کیا تھا‘۔
’پولیس نے شہری کو تلاش کرنے کے لیے مدد طلب کی ہے، اس اطلاع پر فوری طور پر رضا کاروں کو طلب کیا گیا‘۔
’مذکورہ صحرائی علاقے میں تلاشی کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور آخر کار پیر کو وہ شہری اپنی گاڑی کے پاس بیٹھا مل گیا‘۔
’لا پتہ ہونے والا شہری صحیح سلامت ہے، اس کی گاڑی کے ٹائر ریت میں دھنس گیے تھے تاہم اس کے پاس پانی اور کھجوریں تھیں جن سے وہ گزارا کر رہا تھا‘۔
کمیٹی نے تلاشی مہم میں شریک تمام رضا کاروں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
دوسری طرف سامودہ اور قبہ پولیس نے کمیٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے قابل تقلید قرار دیا ہے۔