چین نے انڈین سرحد پر 60 ہزار فوجی جمع کر رکھے ہیں: پومپیو
ہفتہ 10 اکتوبر 2020 22:11
مائیک پومپیو نے چار ممالک کے کواڈ گروپ کے اجلاس میں شرکت کی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے چین کے 'رویے' پر تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ یہ امریکی، جاپان، انڈیا اور آسٹریلیا کے لیے خطرہ ہے، انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ چین نے انڈیا کے ساتھ سرحد پر 60 ہزار سے زائد فوجی جمع کر رکھے ہیں۔
فاکس نیوز کے 'دا گائے بینسن شو' میں ایک انٹرویو میں مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ 'انڈینز اپنی شمالی سرحد پر 60 ہزار چینی فوجی دیکھ رہے ہیں۔'
انہوں نے یہ انٹرویو جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو سے واپسی پر دیا تھا جہاں انہوں نے چار ممالک کے کواڈ گروپ یعنی انڈیا، امریکہ، جاپان اور آسٹریلیا کے وزرا کے اجلاس میں شرکت کی تھی۔
مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ 'میں اپنے انڈیا، آسٹریلیا اور جاپان کے ہم منصب وزرائے خارجہ کے ساتھ تھا، اس فارمیٹ کو ہم کواڈ کہتے ہیں، چار بڑی جمہوریتیں، چار طاقتور معیشتیں اور چار قومیں، جن سب کو چین کی کمیونسٹ پارٹی سے منسلک خطرات سے خطرہ ہے اور وہ اسے اپنے ملک میں بھی دیکھتے ہیں۔'
واضح رہے کہ یہ اجلاس انڈیا اور چین کے درمیان لداخ پر ہونے والی جھڑپ کے بعد ہونے والے واقعات کے دوران ہوا ہے۔
مائیک پومپیو کی ٹوکیو میں انڈیا کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے بھی ملاقات ہوئی تھی اور دونوں نے دنیا بھر میں امن، سکیورٹی اور خوش حالی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر گفتگو کی تھی۔
یاد رہے کہ انڈیا اور چین کے درمیان تعلقات میں مزید کشیدگی اس وقت پیدا ہوئی جب 15 جون کو لداخ میں سرحد پر دونوں ممالک کی افواج کے درمیان جھڑپ کے دوران 20 انڈین فوجی ہلاک ہوئے۔