شہزادہ ترکی بن محمد بن فہد نے امیر کویت سے ملاقات کی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کے نام مکتوب ارسال کیا ہے جسے وزیر مملکت و رکن کابینہ شہزادہ ترکی بن محمد بن فہد نے امیر کویت سے قصر السیف میں ملاقات کرکے پیش کیا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق امیر کویت نے شہزادہ ترکی کے ذریعے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے خیر سگالی کا پیغام حوالے کیا۔ دونوں کے لیے صحت و عافیت کی آرزو کا اظہار کیا گیا ہے۔
اس موقع پر کویت میں متعین سعودی سفیر شہزادہ سلطان بن سعد اور کویت کی طرف سے وزیر امور ایوان شاہی علی الجراح الصباح بھی موجود تھے۔
دریں اثنا ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی کویت کے ولی عہد مشعل الاحمد الصباح کو مکتوب ارسال کیا ہے۔ وزیر مملکت و رکن کابینہ شہزادہ ترکی بن محمد بن فہد نے کویتی ولی عہد سے ملاقات کے دوران انہیں مکتوب پیش کیا۔