چینی صدر کے نمائندہ خصوصی نے ملاقات کے دوران پیغام حوالے کیا (فوٹو: وام)
ابوظبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے نائب سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کو چین کے صدر شی جن پنگ کا پیغام موصول ہوا ہے۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق چینی صدر کا پیغام دونوں ممالک کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات اور جامع سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے سے متعلق ہے۔
چینی صدر کے نمائندہ خصوصی نے سنیچر کو الشاطی محل میں شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کے دوران پیغام ان حوالے کیا۔
شیخ محمد بن زاید نے جواب میں چین کے صدر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ امارات کی حکومت اور عوام کی طرف سے چین کے 71 ویں قومی دن کے حوالے سے دوست ملک چین کی حکومت اور عوام کو مبارک باد دی۔
انہوں نے چین کی مزید ترقی اور خوش حالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور جامع و خصوصی سٹریٹجک تعاون کو بڑھانے سمیت باہمی دلچسپی سے متعلق متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کے ساتھ ترقی، بالخصوص سائنسی، طبی، سرمایہ کاری اور اقتصادی منصوبوں میں فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔
کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی اہمیت اور ویکسین تیاری کے لیے بین الاقوامی کاوشوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔