کوسٹ گارڈ نے 16 ٹن حشیش سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی
کوسٹ گارڈ نے 16 ٹن حشیش سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی
اتوار 11 اکتوبر 2020 20:18
کوسٹ گارڈز اہلکار اپنی ڈیوٹی مستعدی سے انجام دے رہے ہیں۔(فوٹو عاجل)
سعودی کوسٹ گارڈز نے 16 ٹن حشیش کی سمگلنگ کی کوششیں ناکام بنادیں۔ کوسٹ گارڈز کے اہلکار بری اور بحری مقامات پر اپنی ڈیوٹی مستعدی سے انجام دے رہے ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ترجمان مسفر القرینی نے بتایا کہ کوسٹ گارڈز 1979 میں طے پانے والے بین الاقوامی سمندری معاہدے پر عمل درآمد کررہے ہیں۔ اس کے تحت سعودی عرب سمندر میں لاپتہ افراد کی تلاش اور خطرات سے دوچار افراد کو انسانی بنیادوں پر مدد فراہم کرنے کا پابند ہے۔
القرینی نے بتایا کہ کوسٹ گارڈ نے 2019 کے دوران 16 ٹن سے زیادہ حشیش، 685 ٹن قات (نشہ آور پتے)، نشہ آور گولیاں، دوہزار 183 ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد سمگل کرنے کی کوششیں ناکام بنائیں جبکہ5 ہزار 376 افراد کو سمگلنگ میں ملوث پانے پر گرفتار کیا گیا۔
اس دوران کوسٹ گارڈز نے 48 ہزار سے زیادہ افراد کو سعودی عرب سے دراندازی کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا جبکہ 44 ہزار 912 دراندازوں کو مملکت میں داخل ہوتے ہوئے پکڑا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ سرحدی محافظ وطن عزیز کے امن و استحکام اور وسائل کو زک پہنچانے کی ہر کوشش ناکام بنانے کے سلسلے میں پرعزم ہیں۔