سعودی وزیر صنعت و معدنیات بندر الخریف نے کہا ہے کہ سعودی مصنوعات بین الاقوامی مارکیٹوں میں مہیا مصنوعات سے زیادہ اعلیٰ اور عمدہ ہیں- ملکی اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں سعودی مصنوعات کو بڑی پذیرائی مل رہی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق الخریف نے کالم نگاروں کی سعودی انجمن کے ارکان سے بات چیت میں کہا کہ سعودی صنعت ٹھوس بنیادوں پر قائم ہے۔ سعودی مصنوعات کو عالمی بازاروں میں اعتبار کی نظر سے دیکھا جارہا ہے۔ کورونا کی وبا نے ثابت کردیا کہ مملکت میں صنعت کا شعبہ طاقتور ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے عوام کو خوراک، ادویہ اور طبی لوازمات کی رسد میں کسی طرح کی کوئی کمی محسوس نہیں ہوئی۔
مزید پڑھیں
-
مملکت میں فیکٹریوں کی تعداد 7759تک پہنچ گئیNode ID: 218506
الخریف نے سعودی مصنوعات کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی الیکٹرانک آلات تیار کرنے والی فیکٹری کی مصنوعات کو اندرون و بیرون ملک بے حد پسند کیا گیا۔ یہ فیکٹری اپنی پیداوار کا 40 فیصد برآمد کررہی ہے۔ یہ قومی صنعت کی ایک روشن مثال ہے۔ اس طرح کی سیکڑوں مثالیں ہیں۔ وزارت صنعت و معدنیات کی پوری کوشش ہے کہ قومی مصنوعات معیاری ہوں اور انہیں اینٹی ڈمپنگ فیس سے تحفظ حاصل ہو۔
الخریف نے کہا کہ وزارت صنعت و معدنیات مقامی شہریوں کے لیے مناسب اسامیاں فراہم کررہی ہے۔
وزیر صنعت نے مزید کہا کہ ہماری وزارت نے ’سعودی ساختہ‘ پروگرام تیار کیا ہے۔ اس کا مقصد مقامی مصنوعات کی حوصلہ افزائی اور بیرونی دنیا میں سعودی خدمات اور مصنوعات کی معتبر شناخت بنانا ہے۔