Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سکردو: مسافر وین پر چٹان گرنے سے 16 ہلاک

ڈپٹی کمشنر سکردو کے مطابق جن لاشوں کی شناخت ہوئی ہے ان میں فوج کے چار جوان بھی شامل ہیں۔
پاکستان کے شمالی علاقے سکردو میں لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آنے والی کوسٹر کے حادثے میں مرنے والے افراد کی تعداد 16 افراد ہوگئی ہے۔ گلگت بلتستان کے قائم مقام وزیراعلیٰ میر افضل خان نے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔
سکردو کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر انس اقبال نے ٹیلی فون پر اردو نیوز کے نامہ نگار اے وحید مراد کو بتایا کہ حادثے کی اطلاع صبح ساڑھے چھ بجے ملی۔
ان کا کہنا تھا کہ مسافر کوسٹر راولپنڈی سے سکردو آ رہی تھی کہ شہر سے 25 کلومیٹر دور روندو کے مقام پر چٹانیں گرنے سے دب گئی۔

 

ڈپٹی کمشنر سکردو نے بتایا کہ ہسپتال میں جن لاشوں کی شناخت ہوئی ہے ان میں فوج کے چار جوان بھی شامل ہیں۔
قبل ازیں بتایا گیا تھا کہ ہسپتال میں چھ لاشوں کی شناخت کی جا چکی ہے۔ مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
علاقے میں امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں جن میں ریسکیو 1122 اور ایف ڈبلیو او کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق اگلے چند گھنٹوں میں سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے دفتر سے جاری کیے جانے والے بیان میں انہوں نے حادثے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

شیئر: