Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسافر کوچ کے دریا میں گرنے سے 26 ہلاک

مسافر کوچ سڑک سے سینکڑوں فٹ گہرائی میں بہتے دریائے سندھ میں گری۔ فوٹو: سوشل میڈیا
راولپنڈی سے سکردو جانے والی ایک مسافر کوچ روندو کے مقام پر موڑ کاٹتے ہوئے دریائے سندھ میں گر گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 26 افراد ہلاک ہو گئے۔
مقامی صحافی محمد علی عالم کے مطابق مسافر کوچ کو حادثہ پیر کی صبح پیش کیا۔ گاڑی اتوار کی شام پانچ بجے راولپنڈی سے سکردو کے لیے روانہ ہوئی تھی۔
روندو کے اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 26 ہے۔
گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے بتایا کہ روندو کے مقام پر حادثہ پیش آیا ہے جہاں مسافر کوچ  پہاڑی مقام پر موڑ کاٹتے ہوئے دریائے سندھ میں گر گئی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے واقعے پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ سکردو انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ریسکیو آپریشن تیز کیا جائے جبکہ حادثے کی انکوائری کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر سکردو خرم پرویز نے  حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نجی کمپنی کی مسافر کوچ راولپنڈی سے سکردو آ رہی تھی جو روندو کے مقام پر دریائے سندھ میں گری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
صحافی محمد علی عالم کے مطابق فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل احسان محمود آرمی کے جوانوں کے ساتھ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ نو میتوں کو گاڑی سے نکال کر آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ سکردو منتقل کر دیا گیا ہے۔
حادثے پر گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: