نئے ورک ویزوں کے حوالے سے تاحال کوئی اطلاع نہیں ہے۔( فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے نئے کیسز مسلسل کم ہو رہے ہیں۔ معمولات زندگی احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے روز مرہ کے امور انجام دیئے جارہے ہیں۔ مملکت میں رہنے والوں کو عمرہ پرجانے کی اجازت دی گئی ہے تاہم بیرون ملک سے معتمرین کی آمد کےلیے آئندہ ماہ سے شیڈول جاری کیا جائے گا۔
قارئین اردونیوز کی جانب سے مختلف حوالوں سے سوالات ارسال کیے گئے ہیں۔
امتیاز احمد کا سوال ہےکیا پاکستان سے سعودی عرب سے کے لیے نئے ورک ویزے لگائے جارہے ہیں اور اگر نہیں تو کب سے شروع ہوں گے؟
جواب۔ کورونا وائرس کی وجہ سے سعودی عرب میں احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد جاری ہے۔ اس بارے میں نئے ورک ویزوں کے اجرا کےبارے میں تاحال کسی قسم کی کوئی اطلاع نہیں۔ متعلقہ ادارو ں کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے خاتمے یا اس وبا پر قابو پانے کےحوالے سے امور صحت کےاداروں کی رپورٹ کے بعد ہی اس بارے میں حتمی اعلان کیاجائے گا۔
عبدالرحمان نے استفسار کیا ہے کہ اگر میں خروج نہائی پر پاکستان جا کر دوسرے ویزے پر کب واپس آسکتا ہوں۔کیا میرا اقامہ ویلڈ ہو گا؟
جواب۔ سعودی عرب میں امیگریشن قوانین کے مطابق یہاں رہنے والے وہ غیر ملکی جو قانونی طور پر یعنی خروج نہائی ’فائنل ایگزٹ‘ ویزے پر اپنے ملک جاتے ہیں۔ ان پر کسی قسم کی کوئی پابندی عائد نہیں ہوتی۔ ایسے افراد جب چائیں دوسرے ویزے پر سعودی عرب آنے کے اہل ہوتے ہیں۔
جہاں تک آپ کے سوال کا دوسرا حصہ ہے کہ کیا اقامہ ویلڈ ہوگا، اس حوالے سے یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ جیسے ہی سعودی عرب کے ایئر پورٹ پر امیگریشن کاونٹر سے آپ کے پاسپورٹ پر ایگزٹ کی مہر لگائی جاتی ہے۔ اسی وقت محکمہ پاسپورٹ جیسے جوازات کہتے ہیں کے مرکزی سسٹم میں بھی آپ کی فائل بند کردی جاتی ہے جس کے بعد اقامہ بھی ختم ہوجاتا ہے۔ایگزٹ ہونے کے ساتھ ہی اقامہ بھی ختم ہو جاتا ہے۔
نثار احمد نے سوال کیا ہے کہ ابشر پر دس ہزار کا مخالفہ ہوا تھا۔ ابشر پر اپلائی بھی کیا تھا،ابھی تک کوئی جواب نہیں موصول ہوا؟
جواب۔ آپ پر 10 ہزار ریال کا جرمانہ کورونا کرفیو خلا ف ورزی کے حوالے سے آیا تھا یا کوئی اور وجہ تھی۔ کرفیو خلاف ورزی کے حوالے سے اپیل دائر کرنے کےلیے لازمی ہے کہ جرمانہ سسٹم میں آنے کے ایک ماہ کے اندر کی جائے۔ مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد سسٹم اپیل کو قبول نہیں کرتا اس امر کی یقین دہانی کریں کہ آپ نے اپیل کب دائر کی تھی۔ اگر مقررہ مدت کے اندر دائر کی گئی ہے تو انتظار کریں ۔اس پر ضروری کارروائی کے بعد آپ کو جواب موصول ہو جائے گا۔
محمد فہیم نے پوچھا ہے فیملی وزٹ ویزا کے لیے عمرہ اجازت نامہ سکتا ہے ؟
جواب۔ سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر عمرے پر مکمل طور پر پابندی عائد کی گئی تھی جسے ماہ رواں مرحلہ وار طور پر بحال کردیا گیاہے۔
عمرہ بحالی پروگرام کا دوسرا مرحلہ شروع ہو چکا ہے جس کے تحت مسجد الحرام کی مجموعی گنجائش کے حساب سےیومیہ 75 فیصد لوگوں کو عمرہ اداکرنے کی سہولت جاری کی جارہی ہے۔
عمرہ کےلیے وزارت حج و عمرہ کی جانب سے پرمٹ کا حصول ’اعتمرنا‘ ایپ کے ذریعے مقرر کیا گیا ہے جس کےلیے لازمی ہے کہ پرمٹ حاصل کرنے والے قانونی طور پر مملکت میں مقیم ہوں یا خلیجی شہری ہوں۔ آئندہ ماہ سے بیرون مملکت سے عمرہ پر آنے والوں کے لیےمرحلے کا آغاز ہو گا جس کا اعلان اور طریقہ کار وزارت کی جانب سے جاری کیاجائے گا۔