انڈیا کے ریستوران میں زپ ماسک کی سہولت
ریستوران میں ماسک فری دیے جاتے ہیں (فوٹو: اے این آئی)
طویل عرصے تک کورونا وائرس کی وبا سے متاثر ہونے کے بعد اگرچہ لوگوں نے معمول کی زندگی شروع کی ہے لیکن اب بھی خود کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے ماسک ضرور پہنتے ہیں۔
عمومی طور پر وبا کے دنوں میں لوگ باہر جانے سے اجتناب کرتے ہیں لیکن انڈیا کے شہر کلکتہ میں ایک ریستوران نے صارفین کو راغب کرنے کے لیے ایک نیا طریقہ اپنایا ہے۔
ریستوران اپنے کسٹمرز کو ’سپیشل ماسک‘ مہیا کر رہا ہے۔ اس سپیشل ماسک میں زپ لگا ہوا ہے۔
زپ ماسک متعارف کرانے کا مقصد یہ ہے کہ کسٹمرز ماسک نکالے بغیر اپنا کھانا کھائیں۔
یہ ماسک فری دیے جاتے ہیں اور کسٹمرز چاہیں تو استعمال کر سکتے ہیں۔
ریستوران کی مالکن سوموشری سین گپتا کے مطابق ’ ہم یہ ماسک بغیر اضافی چارجز کے اپنے کسٹمرز کو دیتے ہیں۔ تاہم یہ لازمی نہیں کہ اس کو پہنا جائے، وہ اگر چاہیں تو اس کو پہن سکتے ہیں۔‘
طبی ماہرین ریستوران میں کھانا کھانے پر خدشات کا اظہار کر چکے ہیں۔
وہ لوگ جو کورونا وائرس کی وجہ سے باہر کھانا کھانے نہیں جاسکتے، کلکتہ کے اس ریستوران کا زپ ماسک ان کو کسی حد تک ریلیف دے سکتا ہے۔