عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ دس میں سے ایک فرد کورونا وائرس کا شکار ہو سکتا ہے جس سے دنیا کی بڑی آبادی کا کووڈ 19 سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پیر کو عالمی ادارہ صحت کے شعبہ ہنگامی صورت حال کے سربراہ مائیک ریان نے ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوب مشرقی ایشیا میں وبا کا زور بڑھ رہا ہے جبکہ یورپ اور مشرقی بحیرہ روم میں کیسز اور اموات کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’تازہ جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ پوری دنیا کی آبادی کا دس فیصد وائرس سے متاثر ہو سکتا ہے۔ ’ہم ایک مشکل دور کی جانب بڑھ رہے ہیں، اس وبا کا پھیلاؤ جاری ہے۔‘
مزید پڑھیں
-
’دنیا اگلی وبا کے لیے خود کو بہتر تیار کرے‘Node ID: 503646
-
مشہور عالمی شخصیات جو کورونا کا شکار ہوئیں: تصاویرNode ID: 509056
-
نیوزی لینڈ میں ’وائرس کو دوبارہ شکست‘Node ID: 509216
عالمی ادارہ صحت کا یہ بھی کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا پوری دنیا میں ذہنی صحت کو ’تباہ کن‘ حد تک متاثر کر رہی ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے پیر کو یکم جون اور اگست کے وسط میں کیے گئے ایک سروے کا حوالہ دیتے ہوئے تنبیہہ کی ہے کہ اس بحران میں ذہنی صحت کو نظرانداز کیا گیا ہے۔
سروے میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ 130 میں سے 83 فیصد ممالک نے کورونا وائرس کی وبا کے لیے اپنے منصوبے میں ذہنی صحت کو شامل کیا تاہم صرف 17 فیصد ہی اس شعبے پر مطلوبہ فنڈنگ کرسکے۔
ڈبلیو ایچ او کے شعبہ ذہنی صحت کے ڈائریکٹر ڈیوورا کیسٹل نے ایک ورچوئل میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ ’یہ کووڈ 19 کا ایک نظرانداز ہونے والا پہلو ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ اس وقت ذہنی صحت کے لیے فوری طور پر فنڈز بڑھانے کی ضرورت ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق وبا سے پہلے ممالک اپنے بجٹ کا دو فیصد سے کم ذہنی صحت پر خرچ کر رہے تھے لیکن اس وبا کی وجہ سے اب یہ طلب غیرمعمولی طور پر بڑھ گئی ہے۔
