امارات: کورونا کی علامتیں چھپانے پر تنخواہ کٹے گی
جمعرات 22 اکتوبر 2020 4:49
ملازمین کورنا علامات کی صورت میں ڈیوٹی پر نہ جائے- فوٹو گلف بزنس
متحدہ عرب امارات میں افرادی قوت کے وفاقی ادارے نے کہا ہے کہ کورونا کی علامتیں جان بوجھ کر چھپانے والے سرکاری ملازم کی دس دن کی تنخواہ کاٹی جائے گی۔
تمام ملازمین کو تحریری طور پر اس سے مطلع کردیا گیا اور سب کو ہدایت کی گئی کہ وہ وباؤں کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مقرر حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں۔
الامارات الیوم کے مطابق افرادی قوت کے وفاقی ادارے نے بتایا ہے کہ سرکاری ملازمین کو بارہ پابندیوں اور ان کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیاگیا ہے۔ حفاظتی تدابیر کی انتہائی خلاف ورزی پر 10 دن کی بیسک تنخواہ کاٹنے کی سزا دی جائے گی۔
سرکاری ملازمین سے کہا گیا ہے کہ اگر ان میں سے کوئی ایک کورونا میں مبتلا ہوجائے اور اسے اس کی علامتیں نظر آئیں تو ایسی صورت میں ڈیوٹی پر نہ جائے۔ ادارے کو اس سے مطلع کردے- دفاتر میں مصافحے اور بھیڑ بھاڑ کرنے پر نوٹس دیا جائے گا اور تنخواہ بھی کاٹی جاسکتی ہے۔
افرادی قوت کے وفاقی ادارے نے اس حوالے سے ایک آن لائن ورکشاپ کا اہتمام کیا جس میں وفاقی اداروں اور وزارتوں کے 750 عہدیدار شریک ہوئے ہیں۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں