Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرون ملک موجود تارکین کے اقاموں کی آن لائن تجدید ممکن

نئی خدمات سے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو فائدہ ہوگا- فوٹو عاجل
سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے محکمہ پاسپورٹ سے متعلق متعدد آن لائن نئی خدمات کا افتتاح  کیا ہے۔
جمعرات کو ابشر افراد، ابشر اعمال اور مقیم  ای پلیٹ فارم کے ذریعے  محکمہ پاسپورٹ سے متعلقہ خدمات حاصل کرنے کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق  محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل سلیمان الیحیٰی نے اس موقع پر وزیر داخلہ کو آن لائن خدمات اور خصوصیات کے بارے میں بریف کیا۔
وزیر داخلہ نے اطمینان دلایا کہ وزارت داخلہ سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو آن لائن جدید سکیورٹی سہولتوں کی فراہمی کا سلسلہ  جاری رکھے گی۔

نئی خدمات کی بدولت شہری اپنے بچوں کے پاسپورٹ جاری کرا سکیں گے- فوٹو اخبار 24

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت ہے کہ آن لائن سکیورٹی خدمات بہتر سے بہتر شکل میں فراہم کی جائیں-
وزیر داخلہ نے محکمہ پاسپورٹ سے متعلق جن نئی آن لائن خدمات کا افتتاح کیا ہے ان کا مقصد یہ ہے کہ سعودی شہری اور مقیم غیرملکی آن لائن سسٹم سے فائدہ اٹھا کر اپنے کام آسانی اور تیزی سے کروا سکیں۔
الیحیٰی نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ نئی آن لائن خدمات سے مقامی شہری اور مقیم غیرملکی  کئی کام آسانی سے کراسکیں گے۔
سعودی شہری 15 برس اور اس سے کم عمر کے بچوں کے لیے نیا سعودی پاسپورٹ آن لائن جاری کروا سکیں اورتوسیع بھی کروا سکیں گے۔
اقامے کی تجدید اور بیرون مملکت سے  خروج و عودہ ویزے میں توسیع کرائی جا سکے  گی۔
ملازمت کے آزمائشی مرحلے کے دوران خروج نہائی ویزہ جاری کرایا جا سکے  گا۔
علاوہ ازیں محکمہ پاسپورٹ کے متعدد کام دفتر کا چکر لگائے بغیر آن لائن کرائے جا سکیں گے۔

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں
 

 

شیئر: