واپس آنے والے کےلیے اہم شرط کورونا ٹیسٹ کرانا ہے(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے نئے کیسز مسلسل کم ہو رہے ہیں۔ معمولات زندگی احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے روز مرہ کے امور انجام دیئے جارہے ہیں۔ مرحلہ وار پابندیاں بھی اٹھائی جارہی ہیں جن میں سعودی عرب کےلیے سفر اور ویزوں کے اجرا کے حوالے سے پابندیاں شامل ہیں۔
قارئین اردونیوز کی جانب سے مختلف حوالوں سے سوالات ارسال کیے گئے ہیں۔
نصیر احمد نے سوال کیا ہے جن لوگوں کے پاس نیا ویزا ہے ان کے بارے میں کیا اپ ڈیٹ ہے؟
جواب۔ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں حالات تاحال حسب سابق مکمل طور پر معمول کے مطابق نہیں آئے ہیں۔ اس حوالے سے سعودی وزارت صحت کی جانب سے احتیاطی تدابیراختیار کرتے ہوئے سماجی فاصلے کے اصولوں پر سختی سے عمل درآمد کیاجارہا ہے۔
سعودی عرب سے چھٹی پر گئے ہوئے لوگوں کی مرحلہ وار واپسی کےلیے طریقہ کار پرعمل کیا جارہا ہے جس کے مطابق واپس آنے والے کےلیے اہم ترین شرط کورونا ٹیسٹ کرانا ہے جو سفر سے زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے تک کرانا ضروری ہے۔
جہاں تک آپ کا سوال ہے کہ جن لوگوں کا نیا ویزا ہے وہ کیا کریں؟ اس حوالے سے نئے ویزے پر مملکت آنے والوں کےلیے بھی لازمی ہے کہ وہ بھی کورونا ٹیسٹ کرائیں گے جبکہ دیگر احتیاطی تدابیر پر اسی طرح عمل کیاجائے گا جو دوسرے مسافروں کے لیے لازمی ہے۔
سمیر علی نے استفسار کیا ہے عمرہ پرجانے کےلیے کوئی خاص ٹرانسپورٹ مقرر ہے یا اپنی گاڑی پر بھی جایا جاسکتا ہے؟
جواب۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے مملکت میں رہنے والوں کے لیے مرحلہ وارعمرہ پروگرام شروع کیاجاچکا ہے جس کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد اب دوسرا مرحلہ جاری ہے جبکہ تیسرے مرحلے کےلیے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں جس میں بیرون مملکت سے معتمرین کو مملکت لایاجائے گا۔
وزارت حج وعمرہ کی ایپلیکیشن ’اعتمرنا‘ کے ذریعے مملکت میں رہنے والے عمرہ پر جانے کے خواہشمندوں کےلیے اندرون مکہ مکرمہ مختلف پوائنٹس پر ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کی گئی ہے جس کے ذریعے حرم شریف جانے اور عمرہ کی ادائیگی کے بعد مقررہ پوائنٹ پر واپسی ہے۔
ٹرانسپورٹ کی یہ سہولت لازمی نہیں بلکہ اختیاری ہے اگر کوئی اسے حاصل کرنا چاہتا ہے تو اس کی مرضی ہے بصورت دیگر کسی ٹیکسی وغیرہ سے بھی حرم مکی جایا جاسکتا ہے البتہ دیگر شہروں سے مکہ آنے والوں کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت بہتر آپشن ہے جس کے ذریعے آرام سے اپنی گاڑی مخصوص پارکنگ میں کھڑی کرنے کے بعد مقررہ وقت کے حساب سے پہلے سے موجود ٹرانسپورٹ استعمال کرتے ہوئے عمرہ کی ادائیگی کے لیے بہ سہولت حرم شریف پہنچا جاسکتا ہے۔
عمران محمود نے سوال کیا ہے وزٹ ویزا اوپن ہو گیا ہے یا نہیں؟
جواب۔ کورونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی تدابیر کے تحت تمام ویزوں پر عارضی پابندی عائد کردی گئی تھی تاہم اب حالات بتدریج بہترہو رہے ہیں جس کے مطابق پابندیاں بھی مرحلہ وار اٹھائی جارہی ہیں۔ دیگر ویزوں کی طرح وزٹ ویزوں کا اجرا بھی شروع کردیا گیا ہے۔ فیملی وزٹ ویزے کےلیے جو طریقہ کار ہے اس کے مطابق ویزے جاری کیے جارہے ہیں۔