Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دیکھنا ہوگا اپوزیشن تھریٹ الرٹ کو کیسے لیتی ہے‘

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے اتوار 25 اکتوبر کو کوئٹہ میں جلسے کا اعلان کیا ہے۔ فوٹو: اے پی پی
پاکستان میں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کی جانب سے بلوچستان خصوصاً کوئٹہ میں دہشت گرد حملوں کا خطرہ ظاہر کیے جانے کے بعد وزیراعلیٰ جام کمال نے کہا ہے کہ ’اب دیکھنا یہ ہوگا کہ غیرسنجیدہ اپوزیشن اس کو کس طرح لیتی ہے۔‘
جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں بلوچستان کے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’کوئٹہ، اورماڑہ اور مکران میں چند روز میں ہونے والے واقعات واضح علامات ہیں کہ دشمن کچھ بھی کر سکتا ہے۔‘
ادھر بلوچستان کے وزیر داخلہ ضیا لانگو نے جمعرات کو کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کے لیے سکیورٹی کے انتظامات کر لیے گئے ہیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے کوئٹہ میں جلسے کی سکیورٹی کے حوالے سے حکام اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے اتوار 25 اکتوبر کو صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں جلسے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر داخلہ ضیا لانگو نے کہا کہ پی ڈی ایم کے قائدین آئیں اور اپنا جمہوری حق استعمال کریں۔
انہوں نے پی ڈی ایم کے قائدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ جلسے کے دوران اداروں اور عوام کے درمیان نفرت نہ پھیلائیں۔‘
ضیا لانگو نے کورونا کی صورت حال سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جلسے کے دوران ایس او پیز کا خیال رکھا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ دشمن بلوچستان میں حالات خراب کرنےکے لیے پیسہ لگا رہا ہے۔
ضیا لانگو کے مطابق ’پی ڈی ایم کی تحریک سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، اور اپوزیشن اتحاد کے قائدین سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔‘
دوسری جانب بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ اختر جان مینگل نے نیکٹا کے تھریٹ الرٹ کا نوٹیفیکیشن اپنی ٹویٹ میں شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اگر ایسا کوئی تھریٹ موجود ہے تو سب سے پہلی ذمہ داری حکومت اور ریاست کی ہے کہ ایسا کوئی واقعہ نہ ہو، پی ڈی ایم سکیورٹی انچارج نہیں ہے بلکہ وفاقی و صوبائی حکومتیں ہیں۔‘

خیال رہے اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے حکومت کے خلاف تحریک شروع کی ہے جس کے تحت دو جلسے گوجرانوالہ اور کراچی میں ہو چکے ہیں جبکہ کوئٹہ میں اتوار 25 اکتوبر کو جلسہ ہو گا۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے پشاور میں 22 نومبر، ملتان میں 30 نومبر، لاہور میں 13 دسمبر اور لاڑکانہ میں 27 دسمبر کو جلسوں کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے۔

شیئر: