خلاف ورزیاں کرنے والے ڈرائیوروں کے وڈیو کلپس وائرل تھے۔(فوٹو اخبار 24)
سعودی ٹریفک پولیس نے حد سے زیادہ رفتار سے ڈرائیونگ، ٹائر سکریچنگ، بغیر نمبر پلیٹ گاڑی چلانے، زگ زیگ اور سگنل توڑنے پرکئی ڈرائیوروں کو گرفتار کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق سوشل میڈیا پر مبینہ ٹریفک خلاف ورزیاں کرنے والے ڈرائیوروں کے وڈیو کلپس وائرل تھے۔ شہریوں نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
محکمہ ٹریفک نے ردعمل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وڈیو میں نظر آنے والے ڈرائیوروں کو نشاندہی کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔ زیر حراست افراد کو ٹریفک قانون میں مقرر سزائیں دلانے کے لیے ٹریفک اتھارٹی کے حوالے کردیا گیا۔
محکمہ ٹریفک نے سوشل میڈیا صارفین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بروقت ردعمل دے کر ایک طرح سے آگہی مہم چلائی ہے۔ تمام ڈرائیور سب کی سلامتی کی خاطر ٹریفک قوانین و ضوابط کی پابندی کریں۔