مکہ مکرمہ میں راہ گیروں کو لوٹنے والا گروہ گرفتار
’گرفتار شدگان ایتھوپی تارکین ہیں، ان کے قبضے سے 54300 ریال ضبط ہوئے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
مکہ مکرمہ پولیس نے اسلحہ کے زور پر راہ گیروں کو لوٹنے والے تین غیر ملکیو ں کو گرفتار کر لیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن پولیس کے ترجمان میجر محمد الغامدی نے کہا ہے کہ ’گرفتار شدگان ایتھوپی تارکین ہیں جن کی عمریں 30 سال کے لگ بھگ ہیں‘۔
’مذکورہ افراد نے شہر میں لوٹ مار مچا رکھی تھی، وہ اسلحہ کے زور پر راہ گیروں کو لوٹنے کے علاوہ گاڑیاں، پری پیڈ کارڈ اور نقدی و غیرہ چوری کیا کرتے تھے‘۔
’ان کے قبضے سے 54300 ریال ضبط ہوئے ہیں، گرفتاری کے وقت بھی پولیس اہلکاروں سے مزاحمت کر رہے تھے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’متعدد وارداتوں کی وجہ سے پولیس کو ان کی تلاش تھی، بالآخر ان کی شناخت ممکن ہوسکی اور انہیں گرفتار کر لیا گیا‘۔
’تفتیش مکمل کرنے بعد تینوں گرفتار شدگان کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا جائے گا‘۔