متاثرین کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 45 ہزار 631 ہو گئی ہے۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ منگل کو 400 سے بھی کم کیسز سامنے آئے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق ’منگل 27 اکتوبر کو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 399 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس طرح ملک میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 45 ہزار 631 ہو گئی ہے۔‘
سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ ’ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 426 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ اب تک 3 لاکھ 32 ہزار 117 افراد اس مرض سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’گذشتہ روز کورونا سے16 افراد ہلاک ہوئے۔ اس طرح ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 5 ہزار 329 ہو چکی ہے۔‘
’مملکت میں اس وقت ایکٹیو کیسز کی تعداد کم ہو کر 8 ہزار 185 رہ گئی ہے جن میں سے 778 مریض انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیرعلاج ہیں۔‘
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف شہروں میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد مدینہ میں رہی جہاں 46 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
ریاض 44، مکہ 30، ینبع 22، خمیس مشیط 17، دمام 15، الھفوف 14، وادی الدواسر13، جدہ 12، حائل 9، بریدہ 8، اور عرعر میں 8 کیسز کا پتا چلا ہے۔
حالیہ اعداد و شمار کے مطابق 15 شہروں میں مریضوں کی تعداد ایک، ایک،11 شہروں میں 2، 2 اور 7 شہروں میں 3, 3 جبکہ 4 شہروں میں 4،4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
سعودی عرب میں متعدی امراض سے بچاؤ اور وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’کورونا کے کیسز میں مسلسل کمی آرہی ہے اور ہم درست سمت میں جا رہے ہیں۔‘
ترجمان کا کہنا تھا کہ کورونا کے کیسز میں کمی کے حوالے سے اب تک تمام اشارے امید افزا ہیں۔