کنگ خالد ایئرپورٹ ریاض کےلیے ایک اور اعزاز
جمعرات 29 اکتوبر 2020 13:15
سعودی عرب میں ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے ایک اور بین الاقوامی کامیابی حاصل کی ہے۔
انٹرنیشنل ایئرپورٹ کونسل (اے سی آئی) نے ’ایئرپورٹ ہیلتھ ایکریڈیشن ’اے ایچ اے‘ سرٹیفکیٹ دے کر اسے مشرق وسطی کا دوسرا سٹینڈڈ ایئرپورٹ تسلیم کرلیا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اے سی آئی نے کووڈ 19 وبا کے دوران ایئرپورٹ سے سفر کرنے والوں اور انہیں مختلف خدمات فراہم کرنے والوں کی صحت و سلامتی کےلیے انتظامات اور حفظان صحت کے جو اقدامات کیے ان کی تجزیاتی رپورٹ کی بنا پر کنگ خالد ایئرپورٹ کو یہ اعزاز دیا ہے۔
مطارات الریاض کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین انجینیئر محمد المغلوث نے اغاز کے حوالے سے کہا کہ کووڈ 19 وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے موثر اور حفاظتی اقدامات کیے تھے۔
اے سی آئی نے اس کا اعتراف کرکے مزید بہتر اقدامات کرتے رہنے کا حوصلہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو اس اعزاز کی بدولت عالمی سطح پر اپنی اہمیت منوانے کا موقع ملا ہے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے جی اے سی اے کے مقرر کردہ صحت و سلامتی کے ضوابط نافذ کیے تھے۔
یاد رہے کہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کونسل (اے سی آئی) بغیر منافع والی تنظیم ہے۔ یہ 575 ارکان پر مشتمل ہے جو 179 ملکوں میں 1633 سے زیادہ ایئرپورٹ چلا رہے ہیں۔