محکمہ موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ 31 اکتوبر بروز ہفتہ سے منگل تک سعودی عرب کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ موسمیات نے توجہ دلائی کہ مکہ مکرمہ، الجوف، حدود شمالیہ، حائل اور تبوک کی کئی کمشنریوں میں یکم نومبر اتوار سے 3 نومبر منگل تک بارش ہوگی۔ کہیں درمیانے درجے کی اور کہیں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مدینہ منورہ، باحہ، عسیر، جازان اور تبوک کی دیگر کمشنریوں میں ہفتے سے بارش کا سلسلہ شروع ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس بات کا بھی امکان ہے کہ مذکورہ علاقوں میں فی گھنٹہ 45 کلو میٹر کے حساب سے گرد آلود ہوائیں چلیں گی اور اس سے حد نگاہ محدود ہو جائے گی۔
اس حوالے سے شہری دفاع کا کہنا ہے کہ ہائی ویے پر سفر کرنے والے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، گاڑیوں کے وائپرز درست رکھیں تاکہ بارش کے دوران مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔