’اپوزیشن نے آرمی اور آئی ایس آئی سربراہ پر بندوقیں تانی ہیں‘
’اپوزیشن نے آرمی اور آئی ایس آئی سربراہ پر بندوقیں تانی ہیں‘
اتوار 1 نومبر 2020 11:42
آئندہ دنوں میں دیکھیں گے کہ کس کی ٹانگیں کانپتی ہیں اور کس کے ماتھے پر پسینہ آتا ہے (فوٹو: ریڈیو پاکستان ویب سائٹ)
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے آرمی چیف اور آئی ایس آئی کے سربراہ پر بندوقیں تانی ہوئی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کے 73 ویں قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر یہ ان کی مخالفت میں بول رہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ میں نے بالکل ٹھیک لوگوں کا انتخاب کیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن این آر او کے حصول کے لیے انہیں بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن وہ انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے فوج پر دباؤ ڈالنے کا مقصد یہی ہے کہ ہم انہیں معاف کر دیں۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو میر جعفر اور میر صادق کا سامنا ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ کے رہنما ایاز صادق کے بیان کے حوالے سے کہا کہ ’بھارتی پائلٹ ابھی نندن کے معاملے پر مجھے دنیا بھر سے مبارکباد کے پیغامات آئے اور یہ (ایاز صادق) آج کہہ رہے ہیں کہ پاکستان نے ڈر کر بھارتی پائلٹ کو حوالے کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں دیکھیں گے کہ ’کس کی ٹانگیں کانپتی ہیں اور کس کے ماتھے پر پسینہ آتا ہے۔‘
گلگت بلتستان کے 73 ویں قومی دن کے موقع پرعمران خان نے گلگت سکاؤٹس کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ’انہوں نے قربانی دے کر اس علاقے کو آزاد کروایا۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’مضبوط فوج پاکستان کے لیے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا پوری منصوبہ بندی سے پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے، انڈین حکومت نہ صرف دہشت گردی بلکہ شیعہ اور سنی رہنماؤں کو قتل کر کے ملک میں انتشار پھیلانا چاہتی ہے۔‘
وزیراعظم نے انٹیلی جنس ایجنسیوں کو داد دی کہ انہوں نے انڈیا کے ان عزائم کو ناکام بنایا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کے لیے مضبوط فوج کی ضرورت کو انڈیا کے تناظر میں دیکھنا چاہیے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور ان کی قربانیوں کی وجہ سے ملک محفوظ ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’انڈیا کی کسی حکومت نے کشمیر میں وہ ظلم نہیں کیا جو سلوک نریندر مودی کی انتہا پسند حکومت کر رہی ہے، انڈیا میں پہلی دفعہ ایسی حکومت آئی ہے جو مسلمانوں سے اس حد تک نفرت کرتی ہے۔‘